پنجاب کے بعد سندھ میں بھی انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 2 فروری 2015
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کو صوبائی سطح پر نافذ کرنے کے لئے سندھ میں 3 زونل کمیٹیاں بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔  فوٹو: اے پی پی

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کو صوبائی سطح پر نافذ کرنے کے لئے سندھ میں 3 زونل کمیٹیاں بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فوٹو: اے پی پی

کراچی: صوبہ پنجاب کے بعد سندھ نے بھی انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے اہلکاروں کی تربیت پاک فوج کے افسران کریں گے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور آئی جی پولیس غلام حیدر جمالی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کے طرز پر انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کی تربیت پاک فوج کرے گی جب کہ اجلاس میں فوجی عدالتوں کو آئندہ 10 روز میں مقدمات بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں 57 مقدمات وفاق کو بھجوائے جائیں گے۔

آئی جی سندھ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ بھر سے کل 315 مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے جن میں سے 48 کراچی پولیس اور 121 سی آئی ڈی کے ہیں جب کہ ضلع بے نظیر آباد سے 95 اور حیدر آباد کے 17 کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کو صوبائی سطح پر نافذ کرنے کے لئے سندھ میں 3 زونل کمیٹیاں بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے مطابق کراچی زون کی نگرانی ڈی جی رینجرز، حیدرآباد زون کی نگرانی جنرل آفیسر کمانڈنگ جب کہ سکھر زون کی نگرانی پنوں عاقل کے جنرل آفیسر کمانڈنگ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔