بھارت کا اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف قرار داد لانے کیلئے چین اور روس کی حمایت کا دعویٰ

ویب ڈیسک  منگل 3 فروری 2015
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چین، روس اور بھارت کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا فوٹو: اے ایف پی

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چین، روس اور بھارت کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا فوٹو: اے ایف پی

بیجنگ: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اور روس نے ممبئی حملوں کے ملزمان کی حمایت کے خلاف اقوام متحدہ میں بھارتی قرارداد کی حمایت کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بیجنگ میں بھارت، چین اور روس کے وزرائے خارجہ اجلاس میں جہاں کئی امور پر تفصیلی بات ہوئی وہیں وزیرخارجہ سشما سوراج  نے انہیں آگاہ کیا کہ بھارت  اقوام متحدہ میں دہشت گردوں کو پناہ اور ان کی مالی اعانت کرنے والوں کے خلاف ایک قرارداد لانا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں ان کی مدد درکار ہے۔

سشما سوراج کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی بہت بڑی کامیابی ہے کیوں کہ  اس قرارداد کے ذریعے 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف موثر کارروائی ہوسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی کے لئے کسی بھی قسم کا نظریاتی، مذہبی، سیاسی یا نسلی جواز قابل قبول نہیں۔

واضح رہے کہ بھارت مسلسل اس الزام کو دہراتا ہے  کہ ممبئی حملے کے ماسٹرمائند پاکستان میں ہیں اور حکومت پاکستان ان کے خلاف کسی بھی قسم کی    کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔