پاکستان کے سابق چیف جسٹس ڈاکٹر نسیم حسن شاہ انتقال کرگئے

ویب ڈیسک / نمائندہ ایکسپریس  منگل 3 فروری 2015
ڈاکٹر نسیم حسن 1994 كو چیف جسٹس آف پاكستان كے عہدے سے ریٹائر ہوئے،
فوٹو: فائل

ڈاکٹر نسیم حسن 1994 كو چیف جسٹس آف پاكستان كے عہدے سے ریٹائر ہوئے، فوٹو: فائل

لاہور: سابق چیف جسٹس آف پاكستان ڈاكٹر نسیم حسن شاہ طویل علالت كے بعد 86 برس كی عمر میں انتقال كر گئے. 

ڈاكٹر نسیم حسن شاہ 15 اپریل 1929 کو لاہورمیں پیدا ہوئے اور فرانس سے قانون كی ڈگری حاصل كی، 1968 میں انہیں لاہور ہائی كورٹ كا جج بنایا گیا جس كے بعد وہ 26 سال تک اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے 1994 كو چیف جسٹس آف پاكستان كے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ڈاكٹر نسیم حسن شاہ پاكستان كی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک بطور جج كام كرنے والی شخصیت تھے جو ملكی تاریخ كے اہم ترین مقدمات کی سماعت میں بھی شامل رہے۔

سابق چیف جسٹس ڈاکٹر نسیم حسن شاہ اس عدالتی بینچ كا بھی حصہ تھے جس نے پیپلز پارٹی كے بانی ذوالفقار علی بھٹو كو پھانسی كی سزا سنائی تھی جس كی وجہ سے آج تک اس بینچ اور اس فیصلے پر تنقید كی جاتی ہے لیکن تاریخ میں  متنازعہ شخصیت ہونے كے باوجود نسیم حسن شاہ ایک كامیاب قانون دان اور جج كے طور پر جانے جاتے تھے، 1993 میں انہوں نے بطور چیف جسٹس آف پاكستان سابق صدر غلام اسحاق خان كی جانب سے نواز شریف حكومت كو ختم كرنے كا حكم كالعدم قرار دے كر اسے واپس بحال كرنے كا حكم دیا۔ ڈاکٹر نسیم حسن شاہ اپنی عمر کے آخری حصے میں نسیان كا شكار رہے اور بعض اوقات انھیں كچھ بھی یاد نہیں رہتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔