وزیراعظم کے 20 غیرملکی دوروں پر 32 کروڑ خرچ ہوئے، وزارت خارجہ

نمائندہ ایکسپریس / آن لائن  بدھ 4 فروری 2015
وزیر اعظم نواز شریف نے جولائی 2013 سے ستمبر2014تک 20 غیر ملکی دورے کیے جب کہ دوروں کے دوران ان کے ہمراہ 498 لوگ گئے۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے جولائی 2013 سے ستمبر2014تک 20 غیر ملکی دورے کیے جب کہ دوروں کے دوران ان کے ہمراہ 498 لوگ گئے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ایوان بالاکو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 20غیر ملکی دورے کیے جن پر 32 کروڑ خرچ ہوئے، وزیراعظم کے ہمراہ ان دوروں میں 498 لوگ گئے۔

منگل کو وقفہ سوالات کے دوران وزارت امور خارجہ نے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے جولائی 2013 سے ستمبر2014تک 20 غیر ملکی دورے کیے جن میں 3 تا8 جولائی 2013 کو دورہ چین پر 2 کروڑ 62لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ 38 دیگر رفقا شامل تھے۔ وزیر اعظم کادوسرادورہ ترکی تھاجس پر ایک کروڑ19لاکھ روپے کے اخراجات آئے جبکہ 31 افراد ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم کاتیسرادورہ 29 ستمبر کو امریکا کاتھاجس پر 9کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ ہوئے اور 25رفقا وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے چوتھادورہ بھی امریکا کاکیاجس پر 3 کروڑ 50لاکھ روپے اخراجات اور20 افراد وفد میں شامل تھے۔29 اور 30اکتوبر 2013 کو دورہ برطانیہ میں 22 افراد وفد میں شامل تھے جبکہ اخراجات 3 کروڑ 9 لاکھ روپے آئے۔

وزیر اعظم نے چھٹا دورہ سری لنکا کا کیا جس پر اخراجات ایک کروڑ 19 لاکھ روپے آئے، دورہ تھائی لینڈ پر 97 لاکھ، دورہ افغانستان پر 14 لاکھ، دورہ ترکی پر 69لاکھ،دورہ دی ہیگ پر ایک کروڑ 25 لاکھ، باؤ اقتصادی فورم چائنہ 1 کروڑ 17 لاکھ، مئی 2014 میں دورہ برطانیہ 25لاکھ، دورہ ایران 26 لاکھ، بھارتی وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر 43لاکھ، دورہ تاجکستان 37لاکھ،جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت 3کروڑ 17لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

وزیر مملکت پوسٹل سروس مولاناغفور حیدری نے ایوان کو بتایاکہ اس وقت وزارت پوسٹل سروس کے پاس کوئیر کمپنیوں پر کسی قسم کاکنٹرول نہیں ہے اور نہ ہی وزارت کے پاس اس کااختیار ہے کمپنیوں کو قانونی ضابطے میں لانے کیلیے ریگولیٹری اتھارٹی بنانے پر غور ہو رہاہے۔غفور حیدری ایوان کو بتایاکہ پچھلے 3 سال کے دوران کسی بھی تعمیراتی کمپنی کو بلیک لسٹ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی کرائے پر دی گئی املاک سے واجبات کی وصولی کی تفصیل ایوان میں پیش کر دی جائیگی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہاہے کہ ٹیکسلاہری پور روڈ کی مرمت کاکام 6ماہ میں مکمل ہو جائیگا، رائے کوٹ سے اسلام آباد تک 487 کلومیٹر طویل سڑک چین کے تعاون سے بنائی جائیگی،وزیرتعلیم و تربیت بلیغ الرحمن نے سینیٹ کو بتایاکہ علامہ اقبال اوپن اور قائد اعظم یونیورسٹی میں ملازمت کرنیوالے افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلیے کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔