آئی سی سی کا ورلڈ کپ سے قبل ’’بلے‘‘ کے سائز کو محدود کرنے پر غور

ویب ڈیسک  جمعرات 5 فروری 2015
بلے کے سائز کو محدود کرنے کا آئیڈیا پیش کیا تو بلے بنانے والی کمپنیوں نےتجویز کی سخت مخالفت کی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو۔ فوٹو؛ فائل

بلے کے سائز کو محدود کرنے کا آئیڈیا پیش کیا تو بلے بنانے والی کمپنیوں نےتجویز کی سخت مخالفت کی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو۔ فوٹو؛ فائل

دبئی: کرکٹ کا عالمی میلا سجنے میں 9 روز باقی رہ گئے ہیں اور انٹرنیشل کرکٹ کونسل بلے کے سائز کو محدود کرنے پر غور کر رہی ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا جب ہم نے بلے کے سائز کو محدود کرنے کا آئیڈیا پیش کیا تو بلے بنانے والی کمپنیوں نے اس تجویز کی سخت مخالفت کی اور اسے کھلاڑیوں سے نا انصافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے ساز کمپنیوں  کے مالکان کا کہنا ہے کہ بلے نہیں بلکہ چھوٹے گراؤنڈز  اور کھیلنے کے انداز میں تبدیلی چھکے مارنے اور آؤٹ ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔ یہ کھلاڑی کی جسمانی ساخت پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ اس کی کلائیوں میں کتنی جان ہے، صرف بلے کے سائز کو محدود کرنا غیر منصفانہ عمل ہو گا۔

آئی سی سی چیف کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ کرکٹ میں بلے بازوں اور بولرز سے متعلق قوانین میں کافی فرق آ گیا ہے جس کا فائدہ بلے بازوں کو ملتا ہے، لیکن اے بی ڈویلیئرز، برینڈن کیم کولم اور کمار سنگاکارا ایسے باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو بڑے شاٹس آسانی سے کھیلتے ہیں۔

کچھ کرکٹ ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ بہت سے ایسے بلے باز بھی ہیں جو گیند کو ہٹ کرتے ہیں لیکن  باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو جاتے ہیں جو   نا انصافی ہے، اس لئے آئی سی سی بیٹ کے سائز کو محدود کرنے کے حوالے سے سوچ رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔