کومل رضوی نے اپنے نئے گانے ’’تو بہہ گیا‘‘ کی ویڈیو ریلیز کر دی

شوبز رپورٹر  جمعرات 19 فروری 2015
یہ گانا تخیلاتی، صوفیانہ اور رومانوی ہے، اظہار ِمحبت کے لیے درکار الفاظ اس گانے کا حصہ ہیں، کومل رضوی کی ایکسپریس سے گفتگو ۔  فوٹو : فائل

یہ گانا تخیلاتی، صوفیانہ اور رومانوی ہے، اظہار ِمحبت کے لیے درکار الفاظ اس گانے کا حصہ ہیں، کومل رضوی کی ایکسپریس سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

کراچی: پاکستانی پاپ موسیقار واداکارہ کومل رضوی نے اپنا نیا گانا ’’ تو بہہ گیا ‘‘ ریلیز کردیا ہے۔

اپنے گھر میں گانے کی وڈیوکی ریلز کے متعلق ہونے والی تقریب میں نمائندہ ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کومل نے کہا کہ ’’تو بہہ گیا‘‘ کی شاعری ’’ڈریمی‘‘ ہے، یہ صوفی بھی ہے اور رومانوی بھی، یعنی اظہار ِمحبت کے لیے جو الفاظ کسی کو درکار ہوسکتے ہیں، وہی اس گانے کا حصہ ہیں جو دیکھنے والوں کو بہت پسند آئے گا۔ گانے کا میوزک سعد سلطان نے دیا ہے جب کہ گانے کی وڈیو کی ہدایت کاری کے فرائض اذان سمیع خان نے انجام دیے ہیں اور وڈیو کی حرکت نگاری موعاظمی نے کی ہے۔ گانے میں کومل کے ساتھ علی کاظمی معصر رقص کرتے نظر آئے ہیں۔

علی کاظمی، راحت کاظمی کے صاحبزادے ہیں جو کینیڈا شفٹ ہوگئے تھے اور وہاں فلم ڈائریکشن کی تعلیم بھی حاصل کررہے تھے لیکن آج کل پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ وڈیو میں ملبوسات پاکستان کی لیجنڈری ڈیزائنرماہین خان نے ڈیزائن کیے ہیں جب کہ رقص کی ترکیب و تنظیم حسن رضوی نے کی ہے۔ کومل رضوی حال ہی میں کوک اسٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں اپنے نئے گانے ’’ وشملے‘‘ کے ساتھ بھی پرفارم کرچکی ہیں۔ کومل رضوی گلوکاری سے پہلے کئی کامیاب ٹی وی سیریلز میں بھی اداکاری بھی کرچکی ہیں جیسے ’’ہوائیں‘‘ اور ’’مجھے روٹھنے نا دینا‘‘ ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔