آؤپڑھاؤ؛ راولپنڈی اصغر مال کالج کے 15اساتذہ کیلیے ایوارڈز

قیصر شیرازی  ہفتہ 28 فروری 2015
آؤ پڑھاؤ مہم میں ایوارڈ حاصل کرنیوالے اساتذہ کا ایکسپریس میڈیا گروپ کی ٹیم کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

آؤ پڑھاؤ مہم میں ایوارڈ حاصل کرنیوالے اساتذہ کا ایکسپریس میڈیا گروپ کی ٹیم کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

راولپنڈی: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ’’آؤ پڑھاؤ، جو سیکھا ہے سب کو سکھاؤ‘‘ مہم کے تحت راولپنڈی کی تاریخی تعلیمی درسگاہ ’’ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغرمال‘‘ میں گزشتہ روز خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں ادارے کے 15اساتذہ کو ایوارڈز و تعریفی اسناد اورپرنسپل کوخصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈز پانے والوں میں ایک نابینا پروفیسر بھی شامل تھے۔

تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر غضنفر محمود بھٹی نے کی۔ ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن پروفیسر ہمایوں اقبال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے اساتذہ سے اظہارمحبت کیلیے 500سے زائدطلبا نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر تلاوت کلام پاک کے بعدقومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تمام شرکانے پاکستان زندہ بادکے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر محسن لغاری نے کہا کہ جس معاشرے میں استاد کی عزت نہ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔ ایکسپریس میڈیا گروپ استادکی اہمیت اجاگر کرنے اور ان کی عزت وتکریم میں اضافے کے لیے میدان میں آیا ہے۔

اسسٹنٹ پروفیسر ساجدمحمود فاروقی نے بتایاکہ انھوںنے اسی کالج سے ایم ایس سی کیا اوراب پروفیسرہیں، پچھلے 22سال سے اسی کالج سے منسلک ہیں۔ طلبانے اپنے اساتذہ سے جو سیکھا ہے وہ دوسروں کو سکھائیں۔ تعلیم اورہنر کوقبر میں لے جانے کے بجائے دوسروں کوسکھانا عبادت اورصدقہ جاریہ ہے۔ پروفیسراشتیاق نے کالج کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کالج 1913 میں بنا۔ یہ پہلے سکھوں کاہائی اسکول تھا، مسلمان بچوں کاداخلہ ممنوع تھا۔ بعد میں تمام مذاہب کے بچوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔ پاکستان بننے کے بعدتانگے سے پورے راولپنڈی میں منادی کرائی گئی کہ یہاں مسلمان طلباکے لیے اسکول بن گیا ہے۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ہمایوں اقبال اور پرنسپل پروفیسر غضنفر محمود بھٹی نے بتایا کہ وہ دونوں اسی کالج کے طالب علم رہے اور ٹیچر بھی رہے۔ یہ نتائج کے اعتبار سے پنجاب کا بہترین کالج ہے۔ اس کے طالب علم ملک کے ہرادارے میں اہم عہدوں پرفرائض انجام دے رہے ہیں۔ پرنسپل نے کہا کہ کالج کے طلبا نے مجموعی طورپر 150 گولڈ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں جن میں 20 جغرافیہ کے مضمون میں حاصل کیے۔ یہاں ٹیچرز کی تعداد 160 ہے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ نے استاد کی تکریم کے لیے جوقدم اٹھایا ہے، ایسی حوصلہ افزائی ہوتی رہی تو پاکستان کا تعلیمی نظام بہت آگے جائے گا۔

تقریب کے آخر میں پرنسپل پروفیسر غضنفر محمود بھٹی نے15 خوش نصیب اساتذہ میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں جبکہ پرنسپل کو ڈائریکٹر کالجز اور ایکسپریس نیوز کے سینئررپورٹر قیصرشیرازی نے خصوصی شیلڈپیش کی۔ ایوارڈز پانے والوں میں وائس پرنسپل الطاف حسین، اسسٹنٹ پروفیسر سائیکالوجی محمد الیاس قریشی، لیکچراربیالوجی محمداشفاق حسین، ایسوسی ایٹ پروفیسر باٹنی محمداجمل، اسسٹنٹ پروفیسر اکنامکس محمدریاض، اسسٹنٹ پروفیسرانگریزی عرفان یاور، اسسٹنٹ پروفیسر جغرافیہ ساجدمحمود فاروقی، ندیم فیاض، ایسوسی ایٹ پروفیسرمیتھ عبدالرشید، اسسٹنٹ پروفیسرفزکس عامرضیا، ایسوسی ایٹ پروفیسر شماریات عبدالمنعم، محمد ارشاداحمد، اسسٹنٹ پروفیسراردو اشتیاق احمدقمر، ایسوسی ایٹ پروفیسراکنامکس ساجد علی صدیقی اورنابینا اسسٹنٹ پروفیسر ہسٹری ڈاکٹرراجا عامرحنیف شامل تھے جبکہ گولڈمیڈلسٹ طالبہ وجیہ کوبرانڈ ایمبیسیڈر منتخب کیا گیا۔

اساتذہ نے تقریب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت اچھی روایت ہے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ پھر بازی لے گیا ہے۔ حکومت کو بھی ایسی تقریبات کے لیے آگے آنا چاہیے۔ طلبانے کہاکہ انھوںنے پہلی باراپنے ٹیچرز کی حوصلہ افزائی کی کوئی اچھی تقریب دیکھی ہے۔ یہ ایکسپریس کاکریڈٹ ہے، ایکسپریس میڈیا گروپ زندہ باد۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔