کافی دل کی شریانوں کی صفائی کرنے میں مدد گارہوتی ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015
 شریانوں میں خون میں آجانے والی چکنائی یا کیلشیم کی تہہ جمنا شروع ہوجاتی ہے، فوٹو:فائل

شریانوں میں خون میں آجانے والی چکنائی یا کیلشیم کی تہہ جمنا شروع ہوجاتی ہے، فوٹو:فائل

سیئول: کافی صحت کے لیے کتنی مفید ہے اس پر مسلسل تحقیق جاری ہے اور اب ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دن بھر میں چند کپ کافی دل کی شریانوں کو صاف کر کے ایک صحت مند دل کی ضامن بن جاتی ہے۔

کوریا کے محققین نے اس مقصد کے لیے مختلف دفاتر میں کام کرنے والے 25 ہزار مرد و خواتین کا مختلف اوقات میں چیک اپ کیا  جس کے بعد ان کا میڈیکل اسکین کیا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ جو لوگ روزانہ 3 سے 5 کپ کافی پیتے ہیں ان میں دل کی بیماریوں کے علامات انتہائی کم پائی جاتی ہیں اس نتیجے نے ایک بار پھر سائنس دانوں میں کافی کا دل کے لیے مفید ہونے پر بحث کا آغاز کردیا ہے۔

جنوبی کوریا کے محققین کی اس ریسرچ میں میڈیکل اسکین کی مدد سے دل کی بیماریوں سے متعلق جائزہ لیا گیا جس میں بالخصوص دل کوخون پہنچانے والی شریانوں کا بغور مطالعہ بھی کیا گیا اور اس تحقیق یہ بات سامنے آئی کہ شریانوں میں خون میں آجانے والی چکنائی یا کیلشیم کی تہہ جمنا شروع ہوجاتی ہے جس سے شریانیں بند ہونا شروع ہوجاتی ہیں اورخون کی دل کو سپلائی متاثر ہوتی ہے۔

مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ تحقیق میں شامل 25 ہزار افراد میں سے کسی میں بھی دل کی بیماریوں کی علامات موجود نہیں تھیں تاہم 10 میں سے ایک ایسا تھا جس کی شریانوں میں کیلشیم کی تہہ موجود تھی، محققین نے پھر ان کا موازنہ ان ملازمین سے کیا جو روزانہ کافی پیتے تھے جب کہ اس جائزے میں ان لوگوں کی سگریٹ نوشی کی عادت، ورزش اور خاندانی دل کی بیماریوں کوبھی سامنے رکھا گیا اوراس سے جو نتیجہ اخذ کیا گیا اس کے مطابق جو لوگ روزانہ اپنی روٹین میں 3 سے 5 کپ کافی پیتے ہیں ان کی شریانوں میں کیلشیم کی مقدار نہ ہونے کے برابر تھی۔

اس تحقیق پر اپنے تبصرے میں برطانوی ہارٹ فاؤنڈیشن کی ڈاکٹر وکٹوریہ ٹیلر کا کہنا ہے کہ  اگرچہ اس مطالعہ سے کافی اور شریانوں کے درمیان پوشیدہ تعلق پر نئی باتیں سامنے آئی ہیں لیکن اس مطالعہ کی تصدیق کے لیے اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔