امریکہ میں قبض کے علاج کے لئے تھرتھراتا کیپسول تیار

خرم منصور قاضی  اتوار 15 مارچ 2015
وائبریٹنگ کیپسول قبض کی دیرینہ بیماری کے علاج میں نہایت معاون ثابت ہوسکتا ہے۔  فوٹو: فائل

وائبریٹنگ کیپسول قبض کی دیرینہ بیماری کے علاج میں نہایت معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک:  طبی آلات بنانے والی ایک امریکن کمپنی نے قبض کے علاج کے لئے وائبریٹنگ (تھرتھراتا) کیپسول بنا ڈالا۔

نظام انہضام سے متعلق ایک امریکی جریدے کے مطابق گزشتہ دنوں پیٹ اور معدے کے امراض سے وابستہ ڈاکٹرز اور سرجنز کی ایک سالانہ میٹنگ ہوئی، جس میں ماہرین کا کہنا تھا کہ وائبریٹنگ کیپسول قبض کی دیرینہ بیماری کے علاج میں نہایت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ قبض کی بیماری میں مبتلا 26 افراد کو یہ کیپسول ہفتہ میں دو بار استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیپسول کے استعمال سے ان مریضوں کو سخت بیماری میں نہ صرف سکون ملا بلکہ دیگر طریقہ علاج کے نسبت اس کے سائیڈ افیکٹس (مضر اثرات) بھی نہایت کم تھے۔

ایک طبی ماہر ڈاکٹر یشائی رون کا کہنا ہے کہ ’’وائبریٹنگ کیپسول ایک موٹر یا انجن کی طرح کام کرتا ہے، جو معدے میں پہنچ کر فضلہ کو آگے کی طرف دھکیلتا ہے‘‘۔ تاہم ماہرین کی طرف سے اس کیپسول کے بارے میں ابھی حتمی رائے نہیں دی گئی ہے کیوں کہ اسے بھی صرف محدود لوگوں پر آزمایا گیا ہے۔ کیپسول پر مزید تحقیقات کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔