پول اے میں آسٹریلیا نے سری لنکا سے دوسری پوزیشن چھین لی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 15 مارچ 2015
 جمعے کوکوارٹر فائنل میں ممکنہ طورپرپاکستان سے سامنا،کیویزبدستور سرفہرست فوٹو : اے ایف پی

جمعے کوکوارٹر فائنل میں ممکنہ طورپرپاکستان سے سامنا،کیویزبدستور سرفہرست فوٹو : اے ایف پی

ہوبارٹ: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 11ویں ایڈیشن میں پول ’ اے ‘ سے چار کوارٹر فائنلسٹ ٹیموں کا حتمی تعین ہوگیا، آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف آخری گروپ میچ جیت کر سری لنکا سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

نیوزی لینڈ گروپ میں بدستور سرفہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش نے چوتھی اور آخری پوزیشن پر قبضہ جمایا،اس پول سے انگلش ٹیم کی چھٹی اپ سیٹ ہے، 2 ایسوسی ایٹ ممالک افغانستان اور اسکاٹ لینڈ کا سفر پہلے مرحلے میں تمام ہوگیا، پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہونے والی افغان ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو مات دی،اسکاٹش ٹیم گروپ کے تمام 6 میچز میں ناکام رہی۔

پول ’بی‘ میں بھارت کی ٹاپ پوزیشن یقینی ہوچکی جبکہ دیگر تین ٹیموں کا تعین اتوار کو لیگ کے اختتامی میچز کے نتائج سے ہوگا، پاکستان کا سامنا آئرلینڈ سے ہو رہا ہے جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم یواے ای کیخلاف میدان سنبھالے گی۔

ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل بدھ18 مارچ کو سڈنی میں پول ’ اے ‘ کی نمبر3 سائیڈ سری لنکااور پول ’بی‘ کی دوسری پوزیشن ہولڈر ٹیم کے درمیان ہوگا، دوسرا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات 19 مارچ کو میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں شیڈول ہے۔

جمعہ 20 مارچ کو تیسرا کوارٹر فائنل پول ’ اے ‘ کی نمبر2 سائیڈ آسٹریلیا ایڈیلیڈ میں پول بی کی نمبر3 سائیڈ ممکنہ طور پر پاکستان سے کھیلے گی، ہفتہ21 مارچ کو ویلنگٹن میں پول ’اے ‘ کی ٹاپ سائیڈ اور مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ ہوم گرائونڈ پر پول ’بی‘ کی چوتھی ٹیم کی میزبانی کریگی، میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز24 اور26 مارچ کو بالترتیب آکلینڈ اور سڈنی میں شیڈول ہیں،ٹرافی میچ 29 مارچ کو میلبورن میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔