پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 15 مارچ 2015
اوپننگ بلے بازاحمد شہزاد اور سرفراز احمد نے پہلی وکٹ پر 120 رنز کی شراکت قائم کی۔ فوٹو: اے ایف پی

اوپننگ بلے بازاحمد شہزاد اور سرفراز احمد نے پہلی وکٹ پر 120 رنز کی شراکت قائم کی۔ فوٹو: اے ایف پی

ایڈیلیڈ: ورلڈ کپ کے آخری اور فیصلہ کن  گروپ میچ میں سرفراز احمد کی سنچری کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آئرش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 237 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں گرین شرٹس نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ اوپننگ بلے بازاحمد شہزاد اورسرفرازاحمد نے پہلی وکٹ پر120 رنزکی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کواچھا آغازفراہم کیا جب کہ شہزاد 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنزبنا کرآؤٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز حارث سہیل 3 رنزبناکررن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان مصباح الحق اورسرفرازاحمد نے تیسری وکٹ پر82 رنزجوڑے ہی تھے کہ 208 کے مجموعے پر مصباح الحق وکٹ پراپنا ہی پاؤں لگنے سے آؤٹ ہوگئے اوروہ 39 رنز بنا سکے جس کے بعد عمر اکمل اور وکٹ کیپر بلے بازسرفرازاحمد نے آئرش بولرز کی خوب پٹائی کی اور 5 چوکوں کی مدد سے سرفراز احمد 101 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جب کہ میگاواٹ میں گرین شرٹس کی جانب سے یہ کسی بھی بلے باز کی پہلی سنچری ہے۔

اس سے قبل آئرش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے باز پال اسٹرلنگ 3 رنز بنا کر احسان عادل کا شکار بنے جس کے بعد 56 کے مجموعے پر ایڈ جوز بھی 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آئرش ٹیم کا اسکور86 تک پہنچا تو جارح مزاج بلے باز نیل اوبرائن راحت علی کی گیند پرعمراکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ 134 کے مجموعے پراینڈی بیل برائن 18 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے اور یہ ان کی کسی بھی ٹیسٹ میچ اسٹیٹس رکھنے والی ٹیم کے خلاف پہلی سنچری تھی۔ آئرش ٹیم کا اسکور189 رنزتک پہنچا تو گیری ولسن 29 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد اسٹارٹ تھامسن بھی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کیون اوبرائن 8، جون مونی 13 اور جارج ڈوکریل 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، سہیل خان اور راحت علی نے 2،2 جب کہ احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔