ناک آؤٹ مرحلے میں موسم بھی پاکستان پر اثرانداز ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 مارچ 2015
کوارٹر اور سیمی فائنل میں بارش یا ٹائی ہونے پر گروپ کی بہتر پوزیشن ٹیم کو فائدہ ملے گا۔ فوٹو: فائل

کوارٹر اور سیمی فائنل میں بارش یا ٹائی ہونے پر گروپ کی بہتر پوزیشن ٹیم کو فائدہ ملے گا۔ فوٹو: فائل

ایڈیلیڈ: ورلڈ کپ میں اب پاکستان کو اچھے کھیل کے ساتھ موسم بھی اچھا رہنے کی دعا کرنا ہوگی، کوارٹر اور سیمی فائنل میں مقابلہ بارش کی نذر یا ٹائی ہونے کی صورت میں گروپ میں بہتر پوزیشن والی ٹیم آگے جائے گی، فائنل کا کھیل نہ ہوسکا تو دونوں فائنلسٹ ٹیمیں فاتح قرار پائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف کامیابی سے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی جہاں پر جمعے کو اس کا آسٹریلیا سے ایڈیلیڈ میں سامنا ہونا ہے لیکن اس کو اپنا سفر ٹائٹل تک جاری رکھنے کیلیے اچھے کھیل کے ساتھ اچھے موسم کی بھی دعا کرنا ہوگی، آئی سی سی نے ناک آؤٹ راؤنڈ کیلیے بھی کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا، اس لیے کوارٹر فائنل اگر بارش کی نذر ہوتا ہے یا پھر اس میں مقابلہ ٹائی ہوجاتا ہے تو پھر سیمی فائنل وہی سائیڈ کھیلے گی جس کی پوزیشن پول اسٹیج میں زیادہ بہتر رہی ہوگی۔ پاکستان نے پول بی میں اپنے سفر کا اختتام تیسری پوزیشن پر کیا جبکہ آسٹریلیا پول بی میں دوسرے نمبر پر رہا ہے، اس لیے اگر مقابلہ بارش کی نذر ہویا پھر ٹائی ہوا تو پھر کینگروز ہی آگے جائیں گے۔

کامیابی کی صورت میں سیمی فائنل میں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فتح پر دوسرے سیمی فائنل میں ممکنہ طور پر بھارت سے سامنا ہوگا۔ اس میں بھی بارش یا ٹائی میچ کا براہ راست فائدہ دھونی الیون کو ہی حاصل ہوگا۔ آئی سی سی نے جب پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کی کنڈیشنز کا اعلان کیا تھا تب کہا گیا تھا کہ فائنل بھی اگر ٹائی ہوا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا جائے گا لیکن مختلف حلقوں کی جانب سے اعتراض کے بعد صرف فائنل میں سپر اوور کے استعمال کا اعلان کیا گیااگر فائنل ٹائی ہوتا ہے اور بارش کی وجہ سے سپر اوور نہیں کھیلا جاسکتا یا پھر بارش کی وجہ سے فائنل مکمل ہی نہیں ہو پاتا تب پھر دونوں فائنلسٹ مشترکہ چیمپئن قرارپائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔