پی آئی اے، شدید خسارے کے باوجود یونیفارم تبدیلی کا فیصلہ

طفیل احمد  پير 16 مارچ 2015
پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹسز اور کیبن کریوکے نئے یونیفارم کومتعارف کرانے کے لیے انتہائی قیمتی دعوت نامے بھی تیارکرائے ہیں، ذرائع  فوٹو: فائل

پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹسز اور کیبن کریوکے نئے یونیفارم کومتعارف کرانے کے لیے انتہائی قیمتی دعوت نامے بھی تیارکرائے ہیں، ذرائع فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مالی خسارے کے باوجود ایئرہوسٹسز اورکیبن کریو یونیفارم تبدیل کرنیکا فیصلہ کیاہے۔

اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ نے ملک کے متعدد فیشن ڈیزائنرز کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں جنھوں نے نئے یونیفارم کے نمونے تیارکیے اورقومی ایئرلائن سے بھاری معاوضہ بھی وصول کیاہے۔ نئے یونیفارم کی ریہرسل آج (پیرکو) مقامی ہوٹل میں کی جائے گی۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ قومی ایئرلائن انتظامیہ نے اپنے شعبہ تعلقات عامہ کے منیجرسمیت دیگر کو بھی اس پروگرام سے لاعلم رکھا اور فیشن ڈیزائنرزکی اس تقریب اورکوریج کاٹھیکہ ایک پرائیویٹ پی آر ایجنسی کودے دیا جس میں لاکھوں روپے اضافی خرچ کیے جارہے ہیں۔

پی آئی اے فیشن ڈیزائنرکے نام سے منسوب یہ تقریب کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدکی جائے گی جس کے لاکھوں روپے کے اخراجات بھی پی آئی اے کے ذمے ہوںگے جبکہ یہ تقریب پی آئی اے کے ہوٹل ایئرپورٹ ان میں بھی منعقدکی جاسکتی تھی تاہم پی آئی اے انتظامیہ کاکہنا ہے کہ تقریب اعلیٰ حکام کی ایما پر منعقد کی جارہی ہے جس میںخسارے کے باوجودپی آئی اے غیرضروری اخراجات کرکے ادارے پرمالی بوجھ کا اضافہ کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹسز اور کیبن کریوکے نئے یونیفارم کومتعارف کرانے کے لیے انتہائی قیمتی دعوت نامے بھی تیارکرائے ہیں۔ تقریب میںپی آئی اے کے ایم ڈی شاہنوازرحمن نے مشیر ہوابازی اوراعلی افسران کوبھی خصوصی طورپر مدعوکیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ایم ڈی پی آئی اے شاہنوازرحمن نے یونیفارم تبدیل کرنے کی تقریب کو فیشن شو قرار دیا ہے اور کہاہے کہ کیبن کریوکو نئے یونیفارم پہناکر کیٹ واک کی طرزپر ریمپ پرچلایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔