دنیا میں چین کے اسلحے کا سب سے بڑا خریدار پاکستان ہےرپورٹ

5 برس کے دوران پاکستان نے چین سے 41 فیصد اسلحہ خریدا، بین الاقوامی رپورٹ


ویب ڈیسک March 16, 2015
چین دنیا کے 20 سے زائد ملکوں کو براہ راست دفاعی ساز وسامان فروخت کرتا ہے، فوٹو اے ایف پی

بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق امریکا اور روس کے بعد چین دنیا میں اسلحہ فروخت کرنے والا سب سے بڑا بیوپاری بن گیا ہے جب کہ چین کا سب سے بڑا خریدار پاکستان ہے۔

بین الاقوامی ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران دنیا بھر میں اسلحے کی فروخت میں 16 فی صد اضافہ ہواہے۔ اسلحے کی تجارت کرنے والے ممالک میں 31 فیصد برآمدات کے ساتھ امریکا سرفہرست جب کہ 27 فیصد اسلحے کی فروخت کے ساتھ روس دوسرے نمبر پر ہے۔ چین گزشتہ 5 برس میں اسلحے کی برآمدات کو 143 فیصد بڑھانے کے بعد تیسرے نمبر پر آگیا ہے تاہم اسلحے کی برآمدات میں اس کا حجم 5 فیصد ہے۔ فرانس اور جرمنی بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کا سب سے بڑا خریدار جنوبی کوریا ہے۔ روس کا سب سے بڑا درآمد کنندہ بھارت ہے جو اس کی کل پیداوار کا 70 فیصد خریدتا ہے۔ چین دنیا کے 20 سے زائد ملکوں کو براہ راست دفاعی ساز وسامان فروخت کرتا ہے تاہم اس کی دو تہائی پیداوار کے خریدار پاکستان، بنگلا دیش اور میانمار ہیں۔ جن میں بھی پاکستان 41 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔