ہاکی ٹریننگ کیمپ میں27 پلیئرز نے رپورٹ کردی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 17 مارچ 2015
کھلاڑیوں نے کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کی۔ فوٹو: فائل

کھلاڑیوں نے کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ہاکی اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے لیے اسلام آباد میں ٹریننگ کیمپ منگل سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا، شریک 33 میں سے27 پلیئرز نے کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو رپورٹ کردی، تین کے منگل کو جوائن کرنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس بیلجیئم میں شیڈول اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم منگل سے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کرے گی۔ گذشتہ شب27 کھلاڑیوں نے کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کی، تین کھلاڑی آئندہ 2سے3 روز تک کیمپ کا حصہ بنیں گے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ شب ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے درمیان میٹنگ ہوئی جس میں کیمپ کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ ادھر نمائندہ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں چیف کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ 33 میں سے27کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی،3پلیئرز راستے میں ہیں جبکہ3آئندہ 2 سے تین روز تک کیمپ میں آ جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی جس کے مطابق کھلاڑی ہر روز صبح اور شام کے الگ سیشنز میں ٹریننگ کریں گے۔

کیمپ کا آغاز صبح6:30 بجے ہو گا9بجے تک کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی، دوپہر تین سے شام 6 بجے تک پلیئرز کو گیم کی خصوصی ڈرلز کرائی جائیں گی، دوسرے دن بھی یہی ہوگا، تیسرے دن جم ٹریننگ اور چوتھے روز آرام ہوگا۔ کیمپ کے دوران یہی پریکٹس پورا مہینہ دہرائی جاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ رواں سال 20جون سے 5جولائی تک بیلجیئم میں ہو گا،کیمپ 16اپریل تک جاری رہے گا،انعقاد پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کیا گیا،اس سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے ممکنہ تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔