صولت مرزاکے اہلخانہ آخری ملاقات کیلیے مچھ روانہ ہوگئے

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 مارچ 2015
اطلاعات ہیں کہ براہ راست ملاقات کے بجائے وڈیولنک پربات کرائی جائے گی،اہلیہ صولت مرزا۔ فوٹو: فائل

اطلاعات ہیں کہ براہ راست ملاقات کے بجائے وڈیولنک پربات کرائی جائے گی،اہلیہ صولت مرزا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہدحامد کے قتل میں سزائے موت پانے والے مجرم صولت مرزاکے اہلخانہ آخری ملاقات کیلیے پیر اور منگل کی درمیانی شب مچھ جیل روانہ ہوگئے۔

صولت مرزاکی اہلیہ ،بھائی اور دو بہنیں مچھ گئی ہیں، صولت مرزاکو پھانسی19مارچ کودی جائے گی۔ قبل ازیں صولت مرزاکی اہلیہ نے میڈیا کو بتایاکہ منگل کوسپریم کورٹ صولت مرزاکی پھانسی کی نظرثانی کی اپیل کی سماعت کرے گا۔ ہم چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیںکہ وہ اس کیس کاجائزہ لیں اورقانون کے مطابق فیصلہ جاری کریں۔

انھوںنے کہاکہ ہمیں چیف جسٹس سے امیدہے کہ وہ ہمیں انصاف دلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ افرادخانہ کی تعداد70سے زائدہے۔ بلوچستان کے حالات خراب ہیں، سیکیورٹی خدشات ہیںجس کے باعث ہمیںمچھ جانے میں شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

انھوںنے بتایاکہ ہمیں اطلاعات ملی ہیںکہ ہماری صولت مرزاسے براہ راست ملاقات نہیں کرائی جائیگی بلکہ وڈیولنک پربات کرائی جائے گی۔ یہ ناانصافی ہے۔ انھوںنے بیگم شاہد حامدسے بھی اپیل کی کہ خدارا میڈیا کے سامنے آکر اصل حقائق سے قوم کوآگاہ کریں تاکہ میراشوہر پھانسی چڑھنے سے بچ سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔