ورلڈکپ کوارٹرفائنل مرحلے کے پہلے میچ میں کل جنوبی افریقا اورسری لنکامدمقابل ہوں گے

ویب ڈیسک  منگل 17 مارچ 2015
دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے پول میں 4،4 کامیابیاں حاصل کیں لیکن رن ریٹ کے اعتبارسے جنوبی افریقا کو سبقت حاصل ہے۔ فوٹو:فائل

دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے پول میں 4،4 کامیابیاں حاصل کیں لیکن رن ریٹ کے اعتبارسے جنوبی افریقا کو سبقت حاصل ہے۔ فوٹو:فائل

سڈنی: ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل مرحلے کے پہلے میچ میں کل جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے پول میچز میں 4،4 میچز جیتنے میں کامیاب رہیں اور  رن ریٹ کے اعتبار سے جنوبی افریقا کو سری لنکن ٹیم پر سبقت حاصل ہے۔ پول “اے” میں شامل سری لنکن ٹیم نے 6 میں سے 4 میچز میں کامیابی حاصل کر کے  0.371 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جب کہ پول “بی” میں جنوبی افریقا بھی 4 میچز جیت سکی لیکن آٹھ پوائنٹ کے ساتھ اپنے پول میں نیٹ رن ریٹ 1.707 حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی اور یوں پروٹیز کو رن ریٹ کے اعتبار سے سری لنکن ٹیم پرسبقت حاصل ہے۔

جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈیلیئرز کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف مثبت کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم پر برسوں سے لگے “چوکر” کے دھبے کو صاف کریں گے اور تمام کھلاڑیوں کی توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہوگی اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو دباؤ میں لینے کی کوشش کریں گے۔جنوبی افریقا کو بیٹنگ کے شعبے میں تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ، ریلے روسو، اے بی ڈیولیئرز، فاف ڈپلوسی اورڈیوڈ ملرکا ساتھ حاصل ہے اور بولنگ کے شعبے میں ڈیل اسٹین اور عمران طاہرسری لنکا کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں۔

دوسری جانب بیٹنگ کا شعبہ سری لنکن ٹیم کا ہتھیار ہے جس میں سرفہرست میگاایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا ہیں جو ایونٹ میں اب تک 4 سنچریاں داغ چکے ہیں اور سری لنکن شائقین بھی کوارٹرفائنل میں انہی سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں سری لنکا کو لیستھ ملنگا، انجیلو میتھیوز اور سرنگا لکمل جیسے تجربہ کار بولرز کی خدمات حاصل ہیں جو کسی بھی وقت میچ کو اپنے حق میں کرنے کا گر جانتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔