خطرناک پاکستانی ٹیم کینگروز کے اعصاب پر سوار

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2015
گرین شرٹس کے چندمیچ ونرزچل پڑے توکسی بھی حریف کوتہس نہس کرسکتے ہیں،واٹسن  فوٹو: اے ایف پی

گرین شرٹس کے چندمیچ ونرزچل پڑے توکسی بھی حریف کوتہس نہس کرسکتے ہیں،واٹسن فوٹو: اے ایف پی

ایڈیلیڈ: ناک آئوٹ سے قبل خطرناک پاکستانی ٹیم کینگروز کے اعصاب پر سوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو شیڈول کوارٹر فائنل سے قبل آسٹریلوی ٹیم فتح کی امیدوں کے ساتھ پاکستان کی جانب سے ناقابل یقین کارکردگی کے امکانات سے خوفزدہ بھی نظر آتی ہے،ایڈیلیڈ اوول میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شین واٹسن نے کہا کہ میں گرین شرٹس کیخلاف میچز میں شامل رہا ہوں، وہ ناقابل یقین کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ناک آؤٹ مرحلوں میں ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے، البتہ بعض اوقات خود ہی بڑی تیزی سے اپنی تباہی کا سامان بھی کرلیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کوارٹر فائنل میں اسے ایک خطرناک حریف کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کو یقینی طور پر کئی میچ ونرز کی خدمات حاصل ہیں جو چل پڑے تو کسی بھی حریف کو تہس نہس کرسکتے ہیں۔ واٹسن نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کیخلاف کھیلتے ہوئے میں ایسے منفرد تجربات کا سامنا کرچکا ہوں۔

ہم حریف کے خطرے سے آگاہ ہیں، ہمیں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوگی تاکہ گرین شرٹس کسی موقع پر بھی ردھم میں نہ آسکیں،اگر وہ حاوی ہوگئے تو کینگروز کو میچ میں واپسی کا موقع نہیں مل سکے گا۔

آل رائونڈر نے کہا کہ ورلڈکپ2011 کے کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کی تلخ یادیں آج بھی ستاتی ہیں، میں انھیں فراموش کردینا چاہتا ہوں۔ واٹسن نے کہا کہ افغانستان کیخلاف میچ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد ورلڈکپ میں واپسی کی توقع نہیں کررہا تھا تاہم حیران کن طور پر سری لنکا سے مقابلے کیلیے بلا لیا گیا، اب تمام مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔