ایان علی نے ایک سال میں 44 بار بیرون ملک سفر کیا

صالح مغل  جمعرات 19 مارچ 2015
ایان علی نے 41 بار کراچی جبکہ 3 بار لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا۔ فوٹو: فائل

ایان علی نے 41 بار کراچی جبکہ 3 بار لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: منی لانڈرنگ کی کوشش میں بے نظیرایئرپورٹ سے گرفتار ہونے والی ماڈل ایان علی نے ایک سال کے دوران کراچی اورلاہور ایئر پورٹس سے44 مرتبہ بیرون ملک سفر کیا تاہم بینظیرانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ایان علی پہلے سفرکے دوران ہی گرفتارکرلی گئی۔

ایف آئی سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق ماڈل نے41 مرتبہ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور3 مرتبہ لاہورکے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے سفر کیا۔ پاکستان کسٹمز کی انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن برانچ کی ٹیم نے ایان علی سے تفتیش کے لیے مفصل سوال نامہ تیار کرلیاہے، خصوسی ٹیم آج تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے گی۔ ذرائع کے مطابق اگر ماڈل ایان علی اپنے بیان میں رقم کسی دوسری شخصیت سے منسوب کرتی ہے توایسے ہرفرد کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔ کسٹمزکی ٹیم میں انویسٹی گیشن افسر محمد سلیم اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جنید اقبال شامل ہیں جنھیں تفتیش کیلیے مکمل اختیار دیا گیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہواکہ ایان علی کے زیر استعمال دنوں فون سم متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کی ہیں۔

ادھر بدھ کو ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی خصوصی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر الیاس کی سربراہی میں اڈیالہ جیل میں ایان علی سے انکم ٹیکس گوشوارے اور ویلتھ ٹیکس جمع نہ کرانے کے حوالے سے تحقیقات کی۔ بدھ کو ہی ایان علی کے بھائی ذوالفقارعلی اور خاتون وکیل نے بھی ملاقات کی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈ ل نے جیل میں اپنے والد سے ملنے سے خود انکار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔