روس نے مغربی علاقے میں بیلسٹک میزائل کی تنصیب شروع کردی

اے پی پی  جمعرات 19 مارچ 2015
قومی سلامتی کے پیش نظر فوجی اور جنگی توانائیوں میں اضافہ ضروری ہے، وزیر دفاع۔ فوٹو: فائل

قومی سلامتی کے پیش نظر فوجی اور جنگی توانائیوں میں اضافہ ضروری ہے، وزیر دفاع۔ فوٹو: فائل

ماسکو: روس نے ملک کے مغربی علاقے میں الیگزینڈر نامی بیلسٹک میزائلوں کی تنصیب کا کام شروع کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی وزارت دفاع کے ایک باخبر ذریعے نے اپنا نام خفیہ رکھے جانے کی شرط پر بتایا ہے کہ روس کے شمال مغرب میں واقع کیلینن گراڈ میں الیگزینڈر میزائل نصب کیے جائیں گے، کیلینن گراڈ نامی علاقے میں میزائلوں کی تنصیب کے علاوہ روس کے لڑاکا اور بمبار طیاروں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے جبکہ میزائلوں کو بحری جہازوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیکوف نے کہا ہے کہ روس کی قومی سلامتی کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ہمارے لیے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ہم اپنی فوجی اور جنگی توانائیوں میں اضافہ کریں، اطلاعات کے مطابق روس نے جزیرہ نما کریمیا اور یوکرین کے جنوب مغربی علاقے میں 8 ہزار فوجی اور توپ خانے کے یونٹ تعینات کردیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔