صولت مرزا کی صحت خراب ہونے کے باعث ان کی پھانسی آگے بڑھائی گئی، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مارچ 2015

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کی صحت ٹھیک نہ ہونے پر ان کی پھانسی آگے بڑھائی گئی جب کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لئے برطانیہ کو باضابطہ طور پر کوئی درخواست نہیں کی تاہم برطانوی ہائی کمشنر سے سیکیورٹی فورسز اور آرمی کے خلاف بیانات پر ضرور بات ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات ہوئی تھی جس میں کراچی کے معاملات پر بات ہوئی تاہم ملاقات کے د وران الطاف حسین کے خلاف کسی کارروائی کی درخواست نہیں کی جب کہ ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس پر بات ہوئی جس کی پیروی کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اور چاہتے ہیں کہ قاتلوں کو سزا ملے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے باوجود دہشت گردی میں 5 فیصد اضافہ ہوا تاہم شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ میں 57 اور قتل میں 36 فیصد کمی واقع ہوئی جب کہ شہر میں بھتا خوری میں 37 فیصد اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 24 فیصد واضح کمی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آج تختہ دار پر لٹکائے جانے والے مجرم صولت مرزا اور شفقت حسین کی پھانسی 72 گھنٹے کے لئے موخر کی گئی ہے جب کہ صولت مرزا کی صحت ٹھیک نہ ہونے پر پھانسی آگے بڑھائی گئی اور شفقت حسین کی پھانسی رکوانے کے لئے وزارت داخلہ نے درخواست کی۔ چویدری نثار نے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 3 ہزار 362 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن کے قبضے سے 5 ہزار 652 کی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جب کہ 3600 جعلی اسلحہ لائسننز بھی پکڑے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔