بھارت کے شہر الہٰ آباد میں تعلیم کا شوق 65 سالہ بزرگ کو اسکول لے آیا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مارچ 2015
اکثر لوگ اس عمر میں پہنچ کر تعلیم حاصل کرنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں، اخترانصاری

اکثر لوگ اس عمر میں پہنچ کر تعلیم حاصل کرنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں، اخترانصاری

نئی دلی: علم کے حصول کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں اوریہ سچ کر دکھایا بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ آباد کے 65 سالہ بزرگ شہری نے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الہٰ آباد میں جاری یوپی میٹرک بورڈ کے زہراہتمام سالانہ امتحانات کےدوران کمرہ امتحان میں اچانک اس وقت سناٹا طاری ہوگیا جب 65 سالہ باریش  بزرگ پیپر شروع ہونے سے چند منٹ قبل کمرہ امتحان میں داخل ہوئے تو  کلاس روم میں  بیٹھے طلبا تجسس سے باریش بزرگ کو  دیکھ کر سمجھے کہ یہ  ٹیچر ہیں جو پیپر لینے آئے ہیں تاہم طلبا  اس وقت حیران رہ گئے جب بزرگ کلاس روم میں لگی ایک بینچ پر بیٹھ کر پرچے کا انتظارکرنے لگے۔

علم کے حصول کی خاطر امتحان دینے والے 65 سالہ بزرگ اختر انصاری کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے خاندان میں تمام لوگ تعلیم یافتہ ہوں اور موجودہ دور میں جاہل انسان دنیا سے لاتعلق رہتا ہے اس لئے میں نے بچپن میں ٹوٹنے  والے تعلیمی سلسلے کو دوبارہ جوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ اس عمر میں پہنچ کر تعلیم حاصل کرنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں لیکن 5 دہائی قبل علم کے حصول سے ٹوٹا گیا رشتہ دوبارہ جوڑنے میں مجھے کوئی شرم نہیں۔

الہ آباد کے 65 سالہ بزرگ اختر انصاری کو بچپن میں آٹھویں جماعت کے بعد گھریلو پریشانیوں اور فاقوں کے باعث اپنی تعلیم کو خیرباد کہنا پڑ گیا تھا اور آخری عمر میں فکر روزگار ختم ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر انہوں نے اپنے تعلیمی سلسلے کو دورباہ شروع کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔