پاک آسٹریلیا ٹاکرا، گوگل پاکستان نے اپنا لوگو ہی تبدیل کر ڈالا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مارچ 2015
ڈوڈل میں 6 بیٹسمین ایکشن میں نظر آرہے ہیں جن میں 3 پر آسٹریلوی پرچم کے رنگ اور بقیہ 3 سبزرنگ کے شیڈ پاکستانی کھلاڑیوں کو ظاہر کررہے ہیں۔  فوٹو؛گوگل

ڈوڈل میں 6 بیٹسمین ایکشن میں نظر آرہے ہیں جن میں 3 پر آسٹریلوی پرچم کے رنگ اور بقیہ 3 سبزرنگ کے شیڈ پاکستانی کھلاڑیوں کو ظاہر کررہے ہیں۔ فوٹو؛گوگل

 کراچی: کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جمعہ کو ہونے والے میچ کا جہاں پاکستانی اور آسٹریلوی عوام بے چینی سے انتظار کررہے ہیں وہیں سرچ انجن گوگل نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا عکس اپنے لوگو کی جگہ سجادیا۔

سرچ انجن گوگل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے اہم کوارٹر فائنل میچ پر ایک ڈوڈل بنایا ہے جس میں پاکستان اورآسٹریلیا کے پرچموں کے رنگ نمایاں ہیں۔ گوگل ڈوڈل میں 6 بیٹسمین ایکشن میں نظر آتے ہیں جن میں 3 پر آسٹریلوی پرچم کے رنگ ہیں اور بقیہ 3 سبزرنگ کے شیڈ میں نظر آتے آرہے ہیں جو پاکستانی کھلاڑیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کوارٹر فائنل کے میچ کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔ دونوں ٹیموں نے اسے اپنے لیے فائنل میچ قرار دیا ہے۔ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا تھا کہ اگرچہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن ضروری نہیں کہ فتح ہمیشہ فیوریٹ کے ہی حصے میں آئے۔ اگر ہم نے آسٹریلیا کو ہرا دیا تو یہ پاکستانی کرکٹ کے نکتہ نظر سے بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو گزشتہ کئی سالوں سے محدود اوورز کے مقابلوں میں زیادہ اہمیت نہیں دی گئی لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم بہت باصلاحیت ہے، پاکستان کا بولنگ اٹیک مضبوط ہے جس میں دائیں اور بائیں ہاتھ کے بولرز موجود ہے جب کہ حریف ٹیم میں نئے اور پرانے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کوارٹر فائنل مقابلہ بڑا چیلنج ہے جسے جیتنے کے لئے ہمیں بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی کیونکہ اگر ہم یہ میچ ہارے تو میگا ایونٹ میں ہمارا سفر ختم ہوجائے گا اور ہمیں افسوس کے ساتھ باقی میچز گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر دیکھنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔