یمن کے صدارتی پر محل حوثی قبائل کا فضائی حملہ

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مارچ 2015
حملے کے وقت صدر کے محل میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات تھیں، فوٹو:فائل

حملے کے وقت صدر کے محل میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات تھیں، فوٹو:فائل

عدن: یمن کے صدارتی محل پر حوثی قبائل کے بمبار طیاروں نے حملہ کردیا تاہم صدرعبدالربو منصور ہادی حملے میں محفوظ ر ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے ایک حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی شہر عدن میں جمعرات کے روز 2 طیاروں نے صدر عبدالربو منصور ہادی کے محل پر فضائی حملہ کیا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے۔

المشائق ضلع کے جنوبی ساحلی شہر میں واقع صدارتی محل پر طیاروں نے بم یا میزائل فائر کیے جب کہ اینٹی ایئرکرافٹ گنز سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے بعد محل سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا،حملے کے وقت صدر کے محل میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات تھیں۔

اس سے قبل عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سابق صدر کی حامی افواج نے ہوائی اڈہ بند کرانے کی کوشش کی جس میں سرکاری افواج سے جھڑپ میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے جب کہ اس واقعے میں باغیوں پر شدید فائرنگ کی گئی اور ان کا حملہ پسپا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ یمن میں کئی ماہ سے جاری لڑائی سے خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے جب کہ علاقے میں حوثی قبیلے کے افراد نے پرتشدد کارروائیاں اور بغاوت کررکھی ہے جس کے بعد یمن میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔