’’ایکسپریس فیملی فیسٹیول‘‘ کا آغاز آج کراچی میں ہوگا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 مارچ 2015
گلوکاری،ماڈلنگ کے مقابلے،آئو پڑھائو مہم کے تحت500 اساتذہ کو اعزازات دیے جائینگے فوٹو: فائل

گلوکاری،ماڈلنگ کے مقابلے،آئو پڑھائو مہم کے تحت500 اساتذہ کو اعزازات دیے جائینگے فوٹو: فائل

 کراچی: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام اہلیان کراچی کیلیے روایتی موج مستی اور مزا کے ساتھ 2 روزہ ’’ایکسپریس فیملی فیسٹیول‘‘ کا آغازآج (ہفتے کو)21 مارچ 11 بجے دن ایکسپو سینٹر کراچی میں ہو گا، نیشنل اور ملٹی نیشنل اداروں نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، نت نئے اور دلکش ڈیزائنز کے ساتھ اسٹالز سجائے جا رہے ہیں۔

یہ فیسٹیول اب روایتی تہوار کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، ایکسپریس فیملی فیسٹیول اہالیان کراچی کو معیاری اور مناسب داموں کی شاپنگ کے شاندار مواقع، بچوں کیلیے سب سے بڑے کڈز ایریا اور نوجوانوں کیلیے میوزک کی یادگار تفریحی سہولتیں بالکل فری مہیا کرتا ہے، کراچی انتظامیہ نے اس بار بھی فیسٹیول کے سیکیورٹی انتظامات کیلیے خصوصی تیاریاں کی ہیں، ٹریفک پولیس اور اسپیشل پولیس فورس کے خصوصی دستے فیسٹیول کی نگرانی کریں گے۔

نوجوانوں کی دلچسپی کیلیے خصوصی آئٹمز رکھے گئے ہیں، اس بار فیسٹیول میں ’’وائس آف کراچی‘‘ کے عنوان سے مقابلہ گلوکاری، ’’ماڈل آف کراچی‘‘ کے انتخاب کیلیے ماڈلنگ شو اور ننھے منے خوبصورت بچوں کے درمیان ’’بے بی آف کراچی‘‘ کے مقابلے بھی ہوں گے، کراچی کے15 نمایاں تعلیمی اداروں کے 500 اساتذہ کو تعلیمی خدمات پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی ’’آئو پڑھائو مہم‘‘ کے حوالے سے خصوصی سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔

آٹو شو میں موٹر کلب آف پاکستان کے خصوصی تعاون سے جدید اور اولڈ کاروں کے علاوہ جدید ہیوی بائیکس کا شو بھی فیسٹیول کا حصہ ہوگا، گلوکارہ فریحہ، شہزاد رائے، فاخر، جواد احمد، روز میری کے علاوہ V5 بینڈ، سی جی پی اے بینڈ کی پرفارمنس کا آغاز ہفتہ کی شام 6 بجے ہو گا، مزید معلومات اور رجسٹریشن کیلیے محسن لغاری 0333-3344724 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔