حکمران کرپشن چھپانے کیلیے مارشل لا سے ڈرارہے ہیں،عمران خان

ایکسپریس اردو  ہفتہ 14 جولائی 2012
نواز،زرداری بھائی بھائی ہیں،وزیراعظم کوبچانے یانیالانے کے بجائے انتخابات کرائے جائیں، (فوٹو ایکسپریس)

نواز،زرداری بھائی بھائی ہیں،وزیراعظم کوبچانے یانیالانے کے بجائے انتخابات کرائے جائیں، (فوٹو ایکسپریس)

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ وزیراعظم کوبچانے یانیاوزیراعظم لانے کے بجائے ملک میں مڈ ٹرم انتخابات کرائے جائیں۔جب بھی آزاد عدلیہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کرتی ہیں توکرپٹ حکومت ملک میں مارشل لا کا ڈھنڈورا پیٹ کر عوام کو ڈرانے کی کوشش کرتی ہے ملک کودہشت گردی سے نکالنے کے لیے ہمیں امریکی نام نہادجنگ سے نکالنا پڑے گا۔

نوازلیگ وکٹ کے دونوںطرف کھیلتی ہے اور عوام کوپچھلے چارسال سے بیوقوف بنارکھاہے نواز شریف اور زرداری اندر سے بھائی بھائی ہیں۔ نئے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ مقامی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف اسپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ توہین عدالت کا قانون سیاستدانوں کو بچانے کے لیے لایا گیا۔

عدالتی حکم پرعمل نہ کرنا ملک کے لیے خطرناک ہوگا انھوں نے سیاستدانوں کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے ڈاکوئوںمیںبھی بہت ٹیلنٹ ہے آصف زرداری میں بھی اس لحاظ سے بے پناہ ٹیلنٹ ہے جنھوںنے اپنی چوری بچانے کے لیے نا صرف این آراو اور توہین عدالت جیسے قانون بنائے بلکہ نواز شریف کو بھی اپنی ذہانت کی وجہ سے سیاست میں مکمل طور پرناکام بنا رکھا ہے ۔

محض زرداری کی 600کروڑ کی کرپشن چھپانے کے لیے ملک میں افراتفری کی فضا پیدا کررکھی ہے ۔ ملک کسی غیر آئینی اقدام کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ تحریک انصاف بر سراقتدارآکر پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لے کر آئے گی اور انھیں معاشرے میں باوقار مقام دے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔