نوکری پر جانے کا کہنے والی لڑکی نے کاروبار سے کروڑ ڈالر کمالیے

ویب ڈیسک  اتوار 22 مارچ 2015
جین لو نے کچھ ہی عرصہ میں چوری چھپے ایک کروڑ ڈالر (تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے) سالانہ آمدنی کا کاروبار کھڑا کردیا۔ فوٹو : فائل

جین لو نے کچھ ہی عرصہ میں چوری چھپے ایک کروڑ ڈالر (تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے) سالانہ آمدنی کا کاروبار کھڑا کردیا۔ فوٹو : فائل

سڈنی: آسٹریلوی دوشیزہ جین لو کسی بھی عام لڑکی کی طرح روزانہ صبح ناشتہ کرنے کے بعد اپنے والدین کو آداب کہہ کر کام کے لیے روانہ ہوجاتی لیکن دراصل وہ جو بتا کر جاتی تھی اس سے کچھ بہت مختلف کررہی تھی۔

28 سالہ جین لو کے والدین کا خیال تھا کہ ان کی بیٹی ایک مقامی دفتر میں بطور اکائونٹنٹ کام کررہی ہے جب کہ حقیقت اس قدر مختلف تھی کہ اس کا انکشاف ہونے پر وہ دم بخود رہ گئے۔ والدین سمجھ رہے تھے کہ ان کی بیٹی چند ہزار ماہانہ کمائی کے لیے روزانہ دفتر جاتی ہے جب کہ جین لو کچھ ہی عرصہ میں چوری چھپے ایک کروڑ ڈالر (تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے) سالانہ آمدنی کا کاروبار کھڑا کرچکی تھی۔

اس نے اپنے والدین سے یہ بات خفیہ رکھی کہ وہ اکائونٹنٹ کی ملازمت چھوڑ چکی ہے جب کہ وہ روزانہ اپنا لیپ ٹاپ لے کر کسی کیفے یا لائبریری میں بیٹھی رہتی اور فیشن مصنوعات کے بین الاقوامی فروخت کنندگان اور گاہکوں کو ڈھونڈتی رہتی۔ محض چند ماہ کے دوران اس نے دنیا کے 45 ممالک میں فیشن مصنوعات کی تقسیم کا کاروبار پھیلا دیا اور گزشتہ سال اس کی آمدنی ایک کروڑ ڈالر سے زائد رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔