کراچی میں اسکولوں پرحملے میں ملوث 5ملزمان گرفتار،بھاری اسلحہ پکڑاگیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 22 مارچ 2015
گرفتار ملزمان پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ،پولیس موبائلوں پرپٹرول بم حملوں سمیت کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

گرفتار ملزمان پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ،پولیس موبائلوں پرپٹرول بم حملوں سمیت کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

 کراچی: ملک کے معاشی حب کراچی میں اسکولوں پرحملے میں ملوث کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے5ملزمان گرفتارکرلیے گئے،ملزمان کاگروہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ،پولیس موبائلوں پرپٹرول بم حملوں اوراورنگی ٹائون میں بلاک بم کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے ایک کارروائی کے دوران اورنگی ٹائون سے5ملزمان کوگرفتارکیاہے جن کاتعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے،ملزمان چندروزقبل نارتھ ناظم آبادمیں اسکول پرکیے جانے والے دستی بم حملے اورگزشتہ ماہ گلشن اقبال میں2اسکولوں پرکریکرحملوں میں ملوث ہیں،دونوں وارداتوں میں ملزمان دھمکی آمیزپمفلٹ بھی پھینک کرفرارہوئے تھے،اس سے قبل ملزمان پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اورپولیس موبائلوں پرحملوں میں بھی ملوث رہ چکے ہیں۔

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیاکہ انھوں نے چندروزقبل ایم اے جناح روڈپرگل پلازہ کے سامنے پریڈی تھانے کی موبائل پرپٹرول بم حملہ کیاتھاجس کے نتیجے میں موبائل مکمل طورپرتباہ ہوگئی تھی۔

اسی طرح کچھ عرصہ قبل گلشن اقبال میں راشدمنہاس فلائی اوور پربھی پولیس موبائل پرپٹرول بم سے حملہ کیاتھاجس میں اہلکارجھلس گئے تھے جبکہ سوزوکی پک اپ مکمل خاکسترہوگئی تھی،اس کے علاوہ کورنگی، شرافی گوٹھ اورلانڈھی میں پولیس اہلکاروںکی ٹارگٹ کلنگ بھی ملزمان کے گروہ نے کی تھی۔

ذرائع نے ایکسپریس کومزیدبتایاکہ ملزمان سے تفتیش میں یہ بھی پتہ چلاہے کہ ملزمان اورنگی ٹائون کے علاقے مومن آباد میں کچھ عرصہ قبل ہونے والے بلاک بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں،ملزمان سے جمعہ کو آرام باغ میں بوہری جماعت خانے سے متصل مسجدکے باہرہونے والے بم دھماکے اورنارتھ ناظم آبادمیں کچھ عرصہ قبل مخصوص فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے اورمزیداہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ منیرشیخ نے کہاکہ کراچی ایک بڑی تباہی سے بچ گیا،پولیس نے گلشن اقبال سے گرفتارملزمان کی نشاندہی پرچھپائے گئے اسلحے کاذخیرہ پکڑاگیا،شہریوں میں تحفظ کااحساس پیداکرناچاہتے ہیں،شہری بیریئرہٹادیں،اسکولوں پر حملے میں ایک ہی گروپ ملوث ہے،شہرمیں جرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے۔انھوں نے کہاکہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں سے پولیس نے15 ملزمان کوگرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر بڑی تعدادمیں اسلحہ برآمدکرلیاہے،شہر میں جرائم کی وارداتوں میںکمی آئی ہے اورپولیس جرائم پیشہ افرادکیخلاف بھرپور کارروائیاں کررہی ہے، گلشن اقبال سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گیلانی اسٹیشن کے قریب بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیاہے۔

اسلحے میں کلاشنکوف ، مختلف اقسام کی رائفلیں،آٹو میٹک رائفل اورسیکڑوں رائونڈ و کارتوس شامل ہیں۔ڈی آئی جی نے کہا کہ اغوا برائے تاوان ، گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے ، گلشن اقبال سے ملزمان فہیم اور حنان کو گرفتار کیا گیا ۔

ملزمان کالج بس میں لوٹ مار اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں،شارع فیصل پولیس نے3 ملزمان عبدالرحمن ولد اورنگزیب ، یاسر حسین اور رمیض خان عرف چھوٹا کو گرفتار کیا جوکہ اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔نیو ٹائون سے 2 ملزمان شاہد اور اسد اللہ پکڑے گئے ،گلستان جوہر پولیس نے غلام سخی اور عابد علی کو گرفتار کیا ،فیروزآبادپولیس نے6ملزمان محمد اقبال،فیصل، محمد کامران، محمدذیشان،شاہ رخ اوروسیم کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے بڑی تعدادمیں اسلحہ برآمدکیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔