جوڈیشل کمیشن پر سمجھوتہ کسی کی فتح یا شکست نہیں، سعد رفیق

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  اتوار 22 مارچ 2015
آج ملک میں ڈکٹیٹرشپ نہیں بلکہ منتخب جمہوری حکومت ہے، وفاقی وزیرریلوے۔ فوٹو: فائل

آج ملک میں ڈکٹیٹرشپ نہیں بلکہ منتخب جمہوری حکومت ہے، وفاقی وزیرریلوے۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ عمران خان نہیںوزیراعظم نواز شریف نے کیا، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر سمجھوتہ کسی کی فتح یا شکست نہیں اس سے ملک میں انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔

ہفتے کی سہ پہرمغل پورہ ورک شاپ میں لوکوموٹیوزکی افتتاحی تقریب کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت بنتی جارہی ہے جبکہ عمران خان بھی سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں سیاسی بلوغت اور پختگی آتی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ویسے بھی شادی کے بعد سوچ کے انداز بدلنے لگتے ہیںاورانسان میںفکری بلوغت آنے لگتی ہے۔

انھوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلیے وزیراعظم دھرنے سے قبل ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھ چکے تھے، مسئلہ ٹرمز آف ریفرنس کاتھاکہ عمران خان کنٹینر پر اور جلسوں میں جو الزامات لگاتے تھے حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات میں تحریک انصاف اس سے مختلف بات کرتی تھی، کراچی کو جرائم اور اسلحے سے پاک کرنے کیلیے آپریشن ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع ہوا تھا، خود الطاف حسین کراچی کو فوج اور رینجرز کے سپرد کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج ملک میں ڈکٹیٹرشپ نہیں بلکہ منتخب جمہوری حکومت ہے، ضرب عضب ہو یا کراچی آپریشن، قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت کے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق آئین اور قانون کی حدود کے اندر کارروائی کررہے ہیں۔

اے پی پی کے مطابق سعد رفیق نے کہاکہ ہر سیاسی جماعت میںسارے لوگ برے یا اچھے نہیں ہوتے، سیاسی جماعتوں کوخود احتسابی کے عمل سے خودکو گذارنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 25مارچ کو پہلی ٹرین ایندھن لے کر جام شورو پاور پلانٹ جائے گی، فریٹ لوکو موٹوز کی تعداد 80 سے تجاوز کر چکی ہے جس کو 100کے ہدف تک پہنچانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔