اکشے کمار بالی ووڈ کے نئے ’’گبر‘‘ بن گئے 

ویب ڈیسک  اتوار 22 مارچ 2015
میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے فلم "گبراس بیک" میں کام کر نے کا موقع مل ر ہا ہے،اکشے کمار،فائل فوٹو

میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے فلم "گبراس بیک" میں کام کر نے کا موقع مل ر ہا ہے،اکشے کمار،فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم شعلے کی ریلیز کو 40 برس بیت گئے لیکن اس کے کردار اور  مکالمے آج بھی زندہ و جاوید ہیں، خاص طور پر فلم میں ولن ’’گبر‘‘ کا کردار ہر دور میں انتہائی مشہور رہا ہے، بالی ووڈ میں ’’گبر‘‘ ایک مرتبہ پھر بڑی اسکرین پر جلوے بکھیرنے آرہا ہے لیکن اس مرتبہ گبر ڈاکو نہیں بلکہ برائی کو ختم کرے گا اور یہ کردار اکشے کمار ادا کریں گے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار معروف بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی نئی فلم “گبر اس بیک” میں نظر آئیں گے لیکن اس مرتبہ وہ لوٹ مار کے بجائے معاشرے میں پھیلی کرپشن اور برائی کے خلاف کوشاں نظر آئیں گے۔  یکم مئی کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں اکشے کمار گبر کا مشہور ڈائیلاگ کچھ تبدیلی کے بعد ” پچاس پچاس کوس دور جب کوئی رشوت لیتا ہے تو سب کہتے ہیں کہ مت لے ورنہ گبر آجائےگا” دہراتے ہوئے نظر آئیں گے.

فلم کے حوالے سے اکشے کمار کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ’’گبر‘‘ کا کردار ایک مثالی ولن کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے کہ کسی فلم میں ان کے کردار کا نام گبر ہے۔ ان کی فلم میں گبر عام آدمی کی سوچ اور طاقت کی عکاسی کرتا ہے، وہ چاہتے تھے کہ اس سوچ کو بھارت کے ہر آدمی تک پہنچایا جائے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔