پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان وہاب ریاض کو ہونا چاہئے، رمیز راجا

ویب ڈیسک  اتوار 22 مارچ 2015
ملک میں  نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے، رمیز راجا

ملک میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے، رمیز راجا

سڈنی: رمیز راجا کہنا ہے کہ  وہاب ریاض میں اچھا کپتان بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اسی لئے انہیں ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنادینا چاہئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد نئے کپتان کی تلاش کے سلسلے میں سابق کرکٹرز بھی میدان میں کود پڑے ہیں اور سابق کپتان رمیز راجا کا اس حوالے سے  کہنا ہے کہ  وہاب ریاض میں اچھا کپتان بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں جب کہ ان  کا انداز نہ صرف  جارحانہ ہے بلکہ وہ ایک جذبے سے کھیلتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو روایتی طریقے کے بجائے اب الگ طریقے سے سوچنا ہوگا کیوں کہ ہم آج بھی 1992 کو پاکستان کے لئے کرکٹ کے سنہرے دور کے طورپر  یاد کرتے ہیں جب کہ دیگر ٹیمیں اس سے کہیں آگے نکل چکی ہیں۔

رمیز راجا نے کہا کہ ملک میں  نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین بلے باز شین واٹسن کو چکرا کر رکھ دیا تھا

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔