ملک بھر میں یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا

ویب ڈیسک  پير 23 مارچ 2015

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا جب کہ دارالحکومت اسلام آباد میں 7 سال بعد مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق یوم پاکستان کی صبح کا آغاز دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ نماز فجر کے بعد ملک بھرمیں قوم کی خوشحالی اورسلامتی کی دعائیں بھی مانگی گئیں، شکرپڑیاں کے قریب گراؤنڈ میں 7 سال کے تعطل کے بعد مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ تقریب میں وزیراعظم ، وفاقی وزرا ، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ یوم پاکستان تقریب کی سیکیورٹی کے پیش نظر جڑواں شہروں میں صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک موبائل فون سروس معطل رہی جب کہ پولیس رینجرز اور فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں ایف 16 طیاروں نے صدر پاکستان ممنون حسین کو سلامی دی۔ نیول ایوی ایشن کے پی تھری سی اورین طیاروں، جے ایف 17 تھنڈر، قراقرم ایگل پی 3 سی اورین اور ایف 7 پی جی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران صدرممنون حسین نے کہا کہ شاندار پریڈ دیکھ کر ان کا سرفخر سے بلند ہوگیا، ان کا یقین پختہ ہوگیا کہ جو قوم متحد ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ہماری منزل ترقی یافتہ اور جدید پاکستان ہے۔ ہماراتعلق اس قوم سےہےجس نے ہرطرح کےمصائب کابہادری سےسامنا کیا، آج اس عزم کا دن ہے کہ ملک کو لسانی اور فرقہ واریت سے پاک رکھا جائے۔

یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈئیرعمران منور نے مزار قائد پر حاضری دی۔ لاہور میں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جب کہ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے رینجرز سے سیکیورٹی ذمہ داریاں لیتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں سلامی دی جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی بیس کمانڈر ایئرکموڈور حامد فراز تھے۔ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں یوم پاکستان کی صبح کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے بعد گورنر محمد خان اچکزئی نے تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔