حصص مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مندی کے بادل چھائے رہے

آئی این پی  پير 23 مارچ 2015
ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ کیپیٹل میں 4.76 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 72.02 ارب ڈالر سے گھٹ کر 68.08ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ فوٹو: آن لائن

ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ کیپیٹل میں 4.76 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 72.02 ارب ڈالر سے گھٹ کر 68.08ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ فوٹو: آن لائن

کراچی: گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 32000 کی نفسیاتی حد کھو کر 31800 کی سطح پر بند ہوا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ کیلیے گزشتہ ہفتہ سازگار ثابت نہ ہوا اور بڑی تعداد میں بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے رجحان کی وجہ سے مارکیٹ میں لالی چھائی رہی۔ ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں345 پوائنٹس کا اضافہ ضرور ہوا لیکن پورے ہفتے کے دوران نہ صرف انڈیکس 31000 کی نفسیاتی حد کھو بیٹھا بلکہ 1129 پوائنٹس کی کمی کے بعد 31800پر بند ہوا۔ پورے ہفتے بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑی تعداد میں شئیرز کی فروخت کی وجہ سے مقامی سرمایہ نے بھی گھبراہٹ کا شکار ہو کر فروخت پر زور دیا جس کی وجہ سے پورے ہفتے مارکیٹ مندی سے دوچار رہی۔

مارکیٹ سے وابسطہ افراد کا کہنا ہے کہ ایک جانب تو بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ پورا ہفتہ جاری رہی تو دوسری جانب ایس ای سی پی کی جانب سے انسائیڈ ٹریڈنگ کیخلاف آپریشن بھی اس منفی رجحان کا باعث بنا۔ تاہم اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ دو ماہ کیلیے جاری مانیڑی پالیسی میں 50بیسسز پوائنٹس کمی کے بعد شرح سود 8 فیصد پر آنے سے مارکیٹ پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ کیپیٹل میں 4.76 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 72.02 ارب ڈالر سے گھٹ کر 68.08ارب ڈالر ہو گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔