یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ ہی اصل پاکستان ہے، اسپیکر ایاز صادق

ویب ڈیسک  پير 23 مارچ 2015
عالمی سطح پر پاکستان کا غلط تصور پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، سردار ایاز صادق  فوٹو: فائل

عالمی سطح پر پاکستان کا غلط تصور پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، سردار ایاز صادق فوٹو: فائل

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک میں مضبوط جمہوریت چاہتے ہیں اور یوم پاکستان کے حوالے سے منعقد کی گئی آج کی پریڈ ہی اصل پاکستان ہے۔

اسلام آباد میں اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پہلی بین الاقوامی پاکستانی نژاد پارلیمنٹرینز کانفرنس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ملک کی تمام جماعتیں اور طبقات دہشت گردی کے خلاف ہیں اور پہلی بار آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ پر پوری پارلیمنٹ متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا غلط تصور پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور اس ناسور کا خاتمہ کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا تاہم پاکستانی نژاد پارلیمنٹرینز دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر موثر انداز میں پیش کر رہے ہیں۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 43 پاکستانی نژاد ارکان اسمبلی ہیں جو پاکستان کا تصور بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، پاکستانی نژاد غیر ملکی ارکان پارلیمنٹ کی ایسوسی ایشن بنانا چاہتے ہیں جس کا مرکز پاکستان کی قومی اسمبلی ہوگی جب کہ پاکستانیوں کا بیرون ملک پارلیمنٹ میں نمایندگی کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔