پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط

ویب ڈیسک  پير 23 مارچ 2015
ایگزیکٹو پروگرام کے تحت دونوں ممالک تعلیم، سائنس، تحقیق، ذرائع ابلاغ اورپیشہ وارانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

ایگزیکٹو پروگرام کے تحت دونوں ممالک تعلیم، سائنس، تحقیق، ذرائع ابلاغ اورپیشہ وارانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستان اور قطر نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر پاکستان آنے والے امیر قطرشیخ تمیم بن حمادالثانی نے ون آن ون ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے اور مضبوط پاکستان کے لئے تعاون جاری رکھیں گے جس کے لئے پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لئے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور قطری حکام نے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی موجود تھے۔معاہدوں میں ثقافت کے بارے میں تعاون اور امور نوجوانان اور کھیلوں کے حوالے سے تعاون پر مفاہمت کی ایک یادداشت شامل ہے جب کہ تعاون کے پہلے ایگزیکٹو پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ممالک تعلیم، سائنس، تحقیق، ذرائع ابلاغ اور پیشہ وارانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔

اس سے قبل امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں دونوں سربراہان مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ صدر ممنون حسین نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات چاہتے ہیں جس کے لئے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ قطرکے حکمران کے طور پر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا یاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جن کے ساتھ وزرا، قطر ایئرویز کے چیئرمین اور دیگر سینئر حکام بھی وفد میں  شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔