چیئرمین نیب نے شریف برادران کیخلاف 3 ریفرنس کھولنے کی منظوری دیدی

ایکسپریس اردو  ہفتہ 14 جولائی 2012
دوسرے مقدمات کابھی جائزہ لیاجارہاہے، ریفرنس ختم کرنے کیلیے ہائیکورٹ میںدائرشریف برادران کی درخواست کی پیروی کی جائیگی۔ فوٹو ٹی ایم این فائل

دوسرے مقدمات کابھی جائزہ لیاجارہاہے، ریفرنس ختم کرنے کیلیے ہائیکورٹ میںدائرشریف برادران کی درخواست کی پیروی کی جائیگی۔ فوٹو ٹی ایم این فائل

اسلام آباد: چیئرمین نیب ایڈمرل (ر)فصیح بخاری نے شریف برادران کیخلاف حدیبیہ پیپرملز، اتفاق فائونڈری اورناجائز اثاثے بنانے کے زیر التوا تین ریفرنسزکی احتساب عدالت میں سماعت کیلیے درخواست کی منظوری دیدی ہے اور شریف برادران کی جانب سے ان ریفرنسزکوکالعدم قرار دینے کی ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی نیب کی جانب سے پیروی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

مذکورہ کیسز2007سے نیب میں زیر التوا تھے ۔شریف برادران کیخلاف ناجائز اثاثے بنانے اور قرضوںکی عدم ادائیگی کے الزامات پر مبنی ریفرنسز پر کارروائی کی درخواست پر شریف برادران نے لاہور ہائیکورٹ میں ان ریفرنسز کوکالعدم قرار دینے کی درخواست دائرکرتے ہوئے نیب کی جانب سے مزیدکارروائی پر حکم امتناع حاصل کیا تھا جس کے بعد سے نیب عدالت میں ان مقدمات کی سماعت نہیں ہو سکی تھی ۔ٹرائل کورٹ میں ان مقدمات کی کارروائی کیلیے چیئرمین نیب کی جانب سے درخواست کی منظوری لازمی قرار دی گئی تھی ۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق موجودہ چیئرمین نیب نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سیاستدانوںکیخلاف زیر التواء کیسزکے جائزے کیلئے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جس کے سپرد یہ کام لگایا تھا کہ سیاستدانوں کیخلاف مقدمات کا جائزہ لیکر رپورٹ دی جائے کہ ان کی کیا حیثیت ہے ۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں چیئرمین نیب سے سفارش کی ہے کہ شریف برادران کیخلاف حدیبیہ پیپر ملزکیس کوکھولنے کیلئے درخواست پر دستخط کریں تاکہ ٹرائل کورٹ میں کارروائی شروع کی جا سکے ۔نیب کی جانب سے واضح کیا گیا کہ دیگر ریفرنسزکا بھی خصوصی کمیٹی جائزہ لے رہی ہے جس کی فائنڈنگ اور سفارشات کو میڈیا کے سامنے رکھا جائیگا ۔

نیب ذرائع کے مطابق شریف برادران کیخلاف رحمن ملک کی درخواست پر منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنس بھی نیب کی خصوصی کمیٹی کے پاس جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق چیئرمین نیب نے شریف برادران کیخلاف جن ریفرنسوںکودوبارہ کھولنے کی منظوری دی ہے ان میں حدیبیہ پیپر ملز،اتفاق فائونڈری اورناجائزاثاثے بنانے کے مقدمات شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔