فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرزمیں پیشقدمی کی پاکستانی خواہش حسرت میں بدل گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 24 مارچ 2015
میچ کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کے مین کوالیفائنگ راؤنڈ میں رسائی سے محروم رہ گئی۔ فوٹو: فائل

میچ کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کے مین کوالیفائنگ راؤنڈ میں رسائی سے محروم رہ گئی۔ فوٹو: فائل

مناما: فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پیشقدمی کی پاکستانی خواہش حسرت میں بدل گئی، یمن کیخلاف سیکنڈ لیگ میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا،ایگریگیٹ پر 3-1 کی فتح نے خلیجی ٹیم کو آگے جانے کی ضمانت فراہم کردی۔

تفصیلات کے مطابق بحرین کے شہر مناما میں منعقدہ ورلڈ کپ 2018 فٹبال ابتدائی کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیکنڈ لیگ میں پاکستان کے خلاف یمن کی ٹیم نے شاندار آغاز کیا،اسے تیسرے ہی منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن خوش قسمتی سے گیند گول پوسٹ سے باہر چلی گئی۔ ہیڈکوچ کے بحرین سے تعلق کی وجہ سے شائقین کی بھاری تعداد پاکستان کو سپورٹ کررہی تھی، کھیل کے دسویں منٹ میں ڈی لائن کے اوپر ملنے والی فری کک سے بھی یمن کے کھلاڑی فائدہ نہ اٹھا سکے اور گیندکو جال سے باہر پھینک دیا۔ 9 منٹ بعد پاکستان کو محمد ریاض کے ذریعے برتری حاصل کرنے کا موقع میسر آیا لیکن وہ حریف گول کیپر کو چکمہ نہ دے سکے۔

اگلے چند منٹ تک پاکستانی فارورڈز نے یمن کیخلاف دباؤ بڑھائے رکھا،اس دوران وہ کئی بار بال کو ڈی لائن کے اندر لے جانے میں کامیاب ہوئے لیکن اس کے باوجود خوشی کا کوئی لمحہ میسر نہ آسکا۔اس دوران کپتان حسن بشیر کی فری کک پر گیند گول پوسٹ کو چھو کر گزر گئی،28 ویں منٹ میں محمد مزمل نے ڈائیو لگا کر بال کو قابو کرتے ہوئے یمن کے اسٹرائیکرکی کوشش کو ناکام بنایا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں بھی پاکستانی اسکواڈ نے جارحانہ کھیل کا آغاز کیا لیکن حریف سائیڈ کی جانب سے انتہائی دفاعی انداز اپنایاگیا۔ یمن کے پلیئرز کی کوشش رہی کہ زیادہ سے زیادہ گیند کو اپنے کنٹرول میں رکھ کر وقت گزارا جائے۔

دوسری طرف پاکستان نے گول کیپر محمد مزمل کی جگہ ثاقب حنیف کو میدان میں اتارا۔ 64 ویں منٹ میں ٹیم کو فری کک ملی لیکن اس بار بھی گول نہ ہوسکا،ایسی ہی صورتحال 9 منٹ بعد پیش آئی۔ 78 ویں منٹ میں صدام حسین نے خوبصورت کارنر کک لگائی لیکن کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی گیند وصول کرنے کیلیے موجود نہیں تھا۔ آخری 10منٹ میں قومی ٹیم مینجمنٹ نے محمد احمد کی جگہ محمد علی کو بطور متبادل کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ میچ کے ختم ہونے سے 5 منٹ قبل کلیم اللہ اور صدام کی شاندار کوشش سے پاکستان گول کرنے کے عین قریب پہنچ گیا تھا لیکن حریف گول کیپر نے بال کو پھرتی سے دبوچ لیا۔

انجری ٹائم میں بھی قومی پلیئرز نے گول کی لاکھ کوشش کی مگر ایک نہ چلی۔ میچ کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کے مین کوالیفائنگ راؤنڈ میں رسائی سے محروم رہ گئی۔ قطر کے شہر دوحا میں کھیلے گئے فرسٹ لیگ میچ میں 3-1 کی کامیابی نے یمن کو مین مرحلے میں پہنچا دیا۔یادرہے کہ ورلڈ کپ 2018 کے کوالیفائر سیکنڈ لیگ میچ 17 مارچ کو لاہور میں شیڈول تھا لیکن سانحہ یوحنا آباد کے بعد کشیدہ صورتحال کی وجہ سے فیفا نے اسے بحرین کے شہر مناما منتقل کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔