انڈین ویلز ٹینس میں جوکووک کے ٹائٹلز فتوحات کی گولڈن جوبلی مکمل

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  منگل 24 مارچ 2015
جوکووک اس سے قبل 2008 اور2011 میں بھی امریکی صحراؤں میں منعقدہ ایونٹ کے فاتح بنے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

جوکووک اس سے قبل 2008 اور2011 میں بھی امریکی صحراؤں میں منعقدہ ایونٹ کے فاتح بنے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

انڈین ویلز / امریکا: سربین ٹینس اسٹار نووک جوکووک نے انڈین ویلز میں اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ٹائٹلز فتوحات کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی۔

انھوں نے فائنل میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو 6-3 ،6-7 (5/7) اور 6-2 سے شکست دے کر کیریئر کا 50واں اے ٹی پی ٹائٹل اپنے قبضے میں کرلیا، ویمنز ٹرافی ورلڈ نمبر3 سیمونا ہالیپ نے جیت لی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں سابق چیمپئن جیلینا جینکووچ کو 2-6، 7-5 اور6-4 سے ٹھکانے لگایا۔تفصیلات کے مطابق انڈین ویلزماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، مینز سنگلز فائنل میں دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک نے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو 6-3، 6-7 (5/7) اور 6-2 سے شکست دی، یہ ان کے کیریئر کا 50 واں جبکہ چوتھا انڈین ویلز سنگلز ٹائٹل ثابت ہوا، اس طرح انھوں نے فیڈرر کے چار مرتبہ ٹرافی جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کرلیا۔

جوکووک اس سے قبل 2008 اور2011 میں بھی امریکی صحراؤں میں منعقدہ ایونٹ کے فاتح بنے ہیں، ہارڈ کورٹ ایونٹ میں دنیا کے2ٹاپ پلیئرز کے درمیان شائقین ٹینس کو ایک اور بہترین میچ دیکھنے کو میسر آیا، باہمی مقابلوں میں اس فتح کے بعد جوکووک نے خسارہ 18-20 سے کم کرلیا، گذشتہ برس کے فائنل میں بھی انھوں نے فیڈرر کو ہی ہرایا تھا، حالیہ مقابلے میں سربیا کے عالمی نمبرون جوکووک نے 8 ایسز اور 26 ونرز لگائیں،2گھنٹے 17 منٹ جاری رہنے والی اس جنگ میں جوکووک نے پانچ مرتبہ فیڈرر کی سروس بریک کی، مقابلے کو دیکھنے کیلیے ٹینس گارڈن اسٹیڈیم میں 15 ہزار کے لگ بھگ شائقین موجود رہے۔

اس فتح کے ساتھ ہی جوکووک اوپن ایرا تاریخ میں 50واں اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے 12 ویں کھلاڑی بنے، انھوں نے اپنے موجودہ کوچ بورس بیکر کو پیچھے چھوڑدیا جو 49 ٹائٹلز اپنے نام کر چکے تھے، فیڈرر نے دوسرے سیٹ میں ٹائی بریکر پر کامیابی حاصل کرکے میچ میں واپس آنا چاہا، جوکووک سے ہونے والے تین ڈبل فالٹس اور پھر بیک ہینڈ لانگ شاٹ پر فیڈرر نے پوائنٹ جیتا، تاہم تیسرے سیٹ میں جوکووک نے ایک مرتبہ پھر حریف پر دباؤ بڑھاتے ہوئے میچ پر گرفت حاصل کرلی۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز فائنل میں عالمی نمبر3 سیمونا ہالیپ نے سربیا کی جیلینا جینکووچ کو 2-6،7-5 اور6-4 سے قابو کرلیا، یہ ہالیپ کے کیریئر کی بڑی ٹائٹل فتح ہے، اس کامیابی کے بعد رومانیہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ کھلاڑی ایک برس میں 3 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیتنے والی پہلی پلیئر بن گئیں، مقابلہ دو گھنٹے 37 منٹ تک جاری رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔