تحریک انصاف نے 19اپریل کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کااعلان کردیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 مارچ 2015
 این اے246 کے ضمنی انتخابات کے بعدایم کیو ایم تاریخ کا حصہ بن جائے گی، اسد عمر

این اے246 کے ضمنی انتخابات کے بعدایم کیو ایم تاریخ کا حصہ بن جائے گی، اسد عمر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے246 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کے لیے 19اپریل کوایم کیوایم کے مرکز90 کے قریب عزیزآباد کے جناح گراؤنڈ میں کراچی کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کا اعلان کردیا۔

پیرکو کراچی میں پی ٹی آئی کے مرکزانصاف ہاؤس میں یومِ پاکستان کے موقع پریوتھ کنونشن کاانعقاد کیا گیا۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہاکہ ایم کیوایم ڈوبتی کشتی ہے، این اے246 کے ضمنی انتخابات کے بعدایم کیو ایم تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کا ماضی ہے لیکن مستقبل نہیں، ایم کیوایم کے ساتھ جولوگ ہیںان سے کہتا ہوں پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرلیں۔ انھوں نے کہاکہ الطاف حسین سن لیں، پاکستان بناناغلطی نہیں بلکہ مسلمانوں کی سب سے بڑی فتح ہے۔ کراچی پاکستان کاصرف دل ہی نہیں، دماغ بھی ہے۔

پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی عارف علوی نے کہا کہ این اے246 میں ایم کیوایم ماضی کی تاریخ بن جائے گی۔ اس حلقے پر شفاف انتخابات ہوئے توایم کیو ایم راہ فراراختیار کرے گی۔ اس موقع پرعلی زیدی نے عمران خان سے درخواست کی کہ ضمنی انتخابات سے پہلے 16سے 20 اپریل تک کراچی میں گزاریں۔ انھوں نے پی ٹی آئی کراچی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخابات کی تیاری کے لیے این اے246 کا رخ کریں اور 19اپریل کوہونے والے جلسے کوکامیاب بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔