کراچی میں آپریشن کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر جاتا ہے، وزیراعظم نواز شریف

ویب ڈیسک  منگل 24 مارچ 2015
حکومت کو توانائی کا بحران ورثے میں ملا ہے، نواز شریف ،فوٹو: فائل

حکومت کو توانائی کا بحران ورثے میں ملا ہے، نواز شریف ،فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر کی صورت حال بہتر ہورہی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور گجرات سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملک کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو توانائی کا بحران ورثے میں ملا ہے جس  کے خاتمے کے لئے مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2017 تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جہاں امن ملک کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے، شہر میں آپریشن شروع کرنے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے، ہم نے تمام جماعتوں سے اتفاق رائے کے بعد آپریشن کا آغاز کیا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر کی صورت حال بہتر ہورہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔