چڑیا گھر میں کشتی رانی کیلیے تالاب میں پانی نہیں بھرا گیا

انعم مشکور  بدھ 25 مارچ 2015
انتظامیہ کی نا اہلی سے خواتین وبچوں کی بڑی تعداد نے چڑیا گھر کا رخ کرنا چھوڑ دیا۔  فوٹو: فائل

انتظامیہ کی نا اہلی سے خواتین وبچوں کی بڑی تعداد نے چڑیا گھر کا رخ کرنا چھوڑ دیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 17 مارچ کو2کروڑ کی لاگت سے چڑیا گھر میں تیار ہونے والے کشتی رانی کے تالاب کے کاموں کا افتتاح کیا تھا لیکن ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود تالاب میں پانی بھرا نہیں جاسکا، تالاب میں موجود فاونٹین کے لیے موٹر بھی ابھی تک نہیں خریدی گئی۔

تالاب کے ساتھ موجود مگر مچھ کے تالاب کی حالت بھی کچھ تسلی بخش نہیں، مگر مچھ کے تالاب میں گندگی ، کچرا اور کائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ پانی کا رنگ سبز ہوگیا ہے مگر زو انتظامیہ اس جانب سے بھی آنکھیں موندے بیٹھی ہے اور چڑیا گھر کے جانوروں کو بھی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہے، دوسری جانب کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کے اسپتال کا منصوبہ ایک خواب بن کر رہ گیا ہے، ماضی میں کئی جانور زو انتظامیہ کے پاس طبی سہولیات نہ ہونے کے سبب مر بھی چکے ہیں، رابطے پر ڈائریکٹر زو نے دھمکی دی کہ آئندہ زو کے خلاف کوئی خبر شایع ہوئی تو انجام کے لیے بھی تیار رہیں، یاد رہے کہ زو انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے خواتین و بچوں کی بڑی تعداد نے زو کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور انتہائی قیمتی جانور ہلاک ہوچکے ہیں لیکن زو انتظامیہ کے خلاف ابھی تک حکومتی سطح پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔