دھاندلی ثابت ہو گئی تو ’’گھن کے ساتھ گیہوں‘‘ بھی پس جائینگے، خورشید شاہ

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 26 مارچ 2015
اگرایم کیوایم میں کوئی عسکری ونگ ہے تواس سے اور جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کا اظہار کرے، خورشید شاہ فوٹو: فائل

اگرایم کیوایم میں کوئی عسکری ونگ ہے تواس سے اور جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کا اظہار کرے، خورشید شاہ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ متحدہ عسکری ونگ سے اظہار لاتعلقی کرے۔دھاندلی ثابت ہوگئی تو’’گھن کے ساتھ گیہوں‘‘بھی پس جائے گا، آرڈیننس آرٹیکل225 کومتاثرنہیں کرے گا، نااہل کرنے کااختیار ٹریبونل کے پاس ہی رہے گا، دیکھنا ہو گاکمیشن کو45دن دے سکتے ہیں یا نہیں۔

بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ کراچی آپریشن میں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہورہاہے، ایم کیو ایم کی سیاسی حیثیت ہے۔ تاہم مجرموں کے خلاف آپریشن درست ہے اوراسے جاری رہنا چاہیے، اگرایم کیوایم میں کوئی عسکری ونگ ہے تووہ اس سے اور جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کا اظہار کرے اورسیاسی دھارے میں آئے، جوڈیشل کمیشن میں یہ ثابت ہوجائے کہ منظم دھاندلی ہوئی تھی تو وزیراعظم اخلاقی طور پراسمبلیاں توڑنے کے پابند ہوں گے۔

انھوں نے کہاکہ آپریشن لیاری میں بھی کیا گیا اور کوئی چیخ پکار نہیں ہوئی، ایم کیوایم نے خود کہا تھا کہ آپریشن فوج کرے کیونکہ پولیس سیاسی ہے۔ آئی این پی کے مطابق خورشیدشاہ نے کہا اگر کمیشن کی رپورٹ میں ن لیگ دھاندلی کی ذمے دار قرار دی جاتی ہے تو ’’گھن کے ساتھ گیہوں‘‘ بھی پس جائے گا، صاف اور ایماندار ممبران کو بھی گھر جانا ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔