ٹوئٹر پر انوشکا شرما بھارتی شائقین کرکٹ کے نشانے پر

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2015
انوشکا شرما نے سڈنی جاکر زندگی کی بدترین غلطی کی ہے اوراب انہیں پورا ملک معاف نہیں کرے گا،کرکٹ مداح، فوٹو:فائل

انوشکا شرما نے سڈنی جاکر زندگی کی بدترین غلطی کی ہے اوراب انہیں پورا ملک معاف نہیں کرے گا،کرکٹ مداح، فوٹو:فائل

ممبئی: ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر بھارت میں جہاں صف ماتم بچھ گئی وہیں بھارتی شائقین کرکٹ نے بالی ووڈ ادکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان پر خوب طنز کے تیر چلائے۔

بھارتی شائقین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈاسٹار انوشکا شرما کی سڈنی میں موجودگی کو بھارتی ٹیم کی شکست کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دلچسپ اور غصے سے بھرپور ٹوئٹ کیے جس میں ایک کرکٹ دیوانے کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کا دھیان کھیل سے زیادہ کہیں اور تھا جب کہ ایک دل جلے مداح  نے کہا کہ ویرات کوہلی کی ایک رنز کی اننگز دیکھنے کے لیے انوشکا شرما سڈنی گئیں جو ان کے سچے پیار کی نشانی ہے۔

بھارتی ٹیم کی شکست پر دلبرداشتہ ایک شائق نے ٹویٹ میں یہ تک کہہ دیا کہ انوشکا شرما نے سڈنی جاکر زندگی کی بدترین غلطی کی ہے اوراب انہیں پورا ملک معاف نہیں کرے گا۔ اپنے پیغام میں ایک مداح نے انوشکا کی ہی فلم پی کے کے ڈائیلاگ کی کاپی کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی گولے پر انوشکا کے ساتھ لول ہوگیا جب کہ ایک اور شائق نے  بھارتی شکست پر شاعرانہ انداز میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈھیلے پڑ گئے سب کے تیور اور پٹنے لگے انوشکا کے دیور۔

دوسری جانب بالی ووڈ  کے ڈائریکٹر رام گوپال ورما کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی ٹیم کے ہارنے  پر خوشی ہےکیوں کہ انہیں کرکٹ سے نفرت ہے اور اس کھیل سے بھی زیادہ نفرت اس سے محبت کرنے والوں سے ہے۔

 

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارتی شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا جب کہ شائقین نے کھلاڑیوں کی تصاویر بھی نذر آتش کردیں جس کےبعد سکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارتی کپتان دھونی کے گھر پر فوجی اہلکار تعینات کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔