معیشت کی بہتری کے لیے مثبت اقدامات

ایڈیٹوریل  جمعـء 27 مارچ 2015
پاکستان میں قدرتی ذخائر کی کمی نہیں اور آئے دن کہیں نہ کہیں معدنیات کے ذخائر دریافت ہوتے رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں قدرتی ذخائر کی کمی نہیں اور آئے دن کہیں نہ کہیں معدنیات کے ذخائر دریافت ہوتے رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

موجودہ حکومت کے معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں جس کا واضح اظہار زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایکسچینج ریٹ میں استحکام کا پیدا ہونا اور مالیاتی معاملات کی بہتر مینجمنٹ کے ذریعے مہنگائی میں کمی جیسے اقدامات سے ہوتا ہے لیکن اس سب کے باوجود معیشت کی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیبات فراہم کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

معاشی ماہرین امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور توانائی کے بحران کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔ اگرچہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور طور پر کوشاں ہے لیکن یہ ایک طویل اور صبر آزما جنگ ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کی اور دہشت گردوں کے خلاف اس کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور شدت پسندوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

بدھ کو خیبر ایجنسی میں جاری خیبر ٹو آپریشن کے دوران وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے اہم کمانڈروں سمیت مزید 30 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ آپریشن کے باعث دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی  اور پہلے کی نسبت ان کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اس صورت حال کے باعث ملک میں معیشت کی بحالی کی امید روشن ہوئی ہے۔ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے جس کے ثمرات آیندہ چند سال میں سامنے آ جائیں گے۔

بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت میں محتاط مانیٹری و مالیاتی پالیسی‘ بڑے پیمانے پر بیرونی سرمائے کی آمد‘ مستحکم ترسیلات زر اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بہتری آ رہی ہے البتہ معاشی ترقی کو موثر اور تیز رفتار کرنے کے لیے حکومت کو ٹیکس اصلاحات پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی ہوگی جس کے لیے ناگزیر ہے کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے شعبے میں وصولیاں بہتر بنائی جائیں۔

بہت سے سیاستدان اور بااثر شخصیات دیانتداری سے ٹیکس ادا نہیں کرتیں جب کہ ان کا طرز زندگی کسی شاہانہ انداز سے کم نہیں۔ سرکاری اداروں میں سرخ فیتہ اور کرپشن بھی معاشی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے حکومت کو اس جانب بھی توجہ دینی ہو گی۔ پاکستان میں قدرتی ذخائر کی کمی نہیں اور آئے دن کہیں نہ کہیں معدنیات کے ذخائر دریافت ہوتے رہتے ہیں۔ اب صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں بھی تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

ان ذخائر کے استعمال سے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ابھی تک ملکی معیشت خطرات سے باہر نہیں آئی اگر حکومت ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنا کر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس سے ملکی معیشت کی رفتار خاصی تیز ہو سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔