لورالائی میں پولیس موبائل پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2015
وزیراعلیٰ بلوچستان نے  واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی، فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی، فوٹو:فائل

لورالائی: میحتر کے علاقے میں شدت پسندوں نے پولیس موبائل پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لورالائی کے علاقے میحتر میں ایس ایچ او زاہد شاہ پولیس اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 5  اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

لورالائی میں پولیس موبائل پر حملے کے بعد حملہ آروں نے علاقے میں موجود لیویز کی چیک پوسٹ پر بھی راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملہ ریاست پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔