امریکا پاکستانی ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سب سے بڑا سرمایہ کار

بزنس رپورٹر  جمعـء 27 مارچ 2015
پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ لچکدار غیرملکی سرمایہ کاری والے ممالک میں سے ایک ہے، سعد ارشد فوٹو: فائل

پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ لچکدار غیرملکی سرمایہ کاری والے ممالک میں سے ایک ہے، سعد ارشد فوٹو: فائل

کراچی: امریکا پاکستان کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف مقبول پراپرٹی پورٹل لامودی ڈاٹ پی کے (Lamudi.pk) کی جانب سے کرائے گئے تازہ سروے میں کیا گیا۔

سروے کے مطابق مقامی ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے 5 ممالک میں امریکا پہلے جبکہ اس کے بعد بالترتیب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور کینیڈا کا نمبر آتا ہے۔ لامودی ویب سائٹ کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان کے ابھرتے ہوئے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں دلچسپی روزبروز بڑھ رہی ہے، 2015 کے پہلے 3ماہ میں رہائشی اورکمرشل پراپرٹی کی ڈیمانڈ میں 15 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور اس رجحان میں سال بھر تیزی جاری رہنے کی امید ہے۔

پاکستان میں لامودی کے کنٹری ڈائریکٹرسعد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریئل اسٹیٹ صنعت کی مالیت اربوں ڈالر ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اورغیرملکیوں کی لامودی ویب سائٹ تک رسائی کے بعد ریئل اسٹیٹ کے شعبے نے غیرملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ سعد ارشد نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ لچکدار غیرملکی سرمایہ کاری والے ممالک میں سے ایک ہے، سرمائے کی منتقلی، ڈیویڈنڈ اور منافع کی طرح 100 فیصد غیرملکی ایکویٹی سمیت دیگرمراعات کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔