ون ڈے قیادت ، کوچ نے اپنا ووٹ اظہر کے پلڑے میں ڈال دیا

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 27 مارچ 2015
وقار یونس نے سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کیلیے انضمام، راشد اور وسیم باری کے نام دیے ہیں، ذرائع۔   فوٹو: فائل

وقار یونس نے سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کیلیے انضمام، راشد اور وسیم باری کے نام دیے ہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کو قیادت اور سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے اپنی رائے سے آگاہ کردیا، دونوں کی گذشتہ روز فون پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ چیف کوچ نے قیادت کیلیے اپنا ووٹ اظہرعلی کے پلڑے میں ڈال دیا جبکہ سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کیلیے انضمام الحق، راشد لطیف اور وسیم باری کے نام دیے ہیں۔

یاد رہے کہ میگاایونٹ میں ناقص کارکردگی کے باعث شہریار خان سلیکشن کمیٹی کی تبدیلی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں، نئے چیف سلیکٹر کیلیے سابق کرکٹرز وسیم باری، محسن خان اور اقبال قاسم کے نام زیرغور ہیں۔

ذرائع کے مطابق وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حفیظ کے رویوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کو تجویز پیش کی کہ تینوں کو اس حوالے سے وارننگ دی جائے،انھوں نے کہاکہ عمر اکمل کو ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلی بخش کارکردگی دکھانے تک ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ نوجوان بیٹسمین کی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور وہ 7 اننگز میں صرف 164 رنز بنا سکے،ان کا سب سے زیادہ اسکور 59 رنز رہا۔ اظہر علی قومی ون ڈے ٹیم کے مستقل رکن نہیں، انھیں میگا ایونٹ کیلیے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔

نوجوان بیٹسمین نے اپنا آخری  ایک روزہ میچ 2013 میں کولکتہ کے مقام پر بھارت کیخلاف کھیلا تھا لیکن اس کے بعد سے محدود اوورز کے کسی میچ میں ایکشن میں نظر نہیں آئے،اظہر قومی ٹیسٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔