کراچی آپریشن پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسحٰق ڈار

بزنس رپورٹر / آن لائن  جمعـء 27 مارچ 2015
آپریشن ضرب عضب میں فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جس پرفوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، اسحٰق ڈار۔ فوٹو: فائل

آپریشن ضرب عضب میں فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جس پرفوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، اسحٰق ڈار۔ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکے دکھانے سے ملکی مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ عملی اقدام کرنا پڑتے ہیں، مہنگائی پر کافی حدتک قابو پالیا، کراچی آپریشن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی) کے اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کسی خاص سیاسی جماعت یافرقے کے خلاف ہے نہ اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مجرموں کے خلاف ہرصورت کارروائی ہوگی۔ آپریشن ضرب عضب میں فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جس پرفوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک کودہشت گردی کی لعنت سے ہرصورت نجات دلائیں گے۔ اسحاق ڈارنے کہاکہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت آج حالات بہترہوئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کوبراہ راست فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔

آج ملک کی نصف آبادی خط غربت سے اوپرزندگی بسر کررہی ہے۔ پاکستان کی خدمت کوذریعہ نجات سمجھتے ہیں۔ انھوں نے سابق صدرمشرف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ مکے دکھانے والوں نے دباؤ کے نتیجے میں گھٹنے ٹیک دیے تھے او رملکی معیشت تباہ ہوگئی تھی۔ حکومت نے ادائیگیوں کانظام بہتر بنایا ہے اورہر 6ماہ بعد ادائیگی کی جارہی ہیں۔ مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں رکھیں گے۔ چین سے 4ہزار میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ 2017کے آخرتک بجلی کابحران بھی ختم ہوجائے گا۔

یکم جولائی2015 سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈنمبر ہی این ٹی این تصورکیاجائے گا۔ بجٹ میں 200 سے 225ارب روپے کے اضافی اخراجات کا سامنا ہے ۔ سیکیورٹی پر 45ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ سیکیورٹی اپ گریڈیشن پر مزید 50ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے 10لاکھ سے کم مالیت کے 26ہزار ریفنڈز نمٹادیے گئے اور اب 10 سے 15 اور 15سے 20لاکھ روپے تک کے ریفنڈز کو نمٹایا جائے گا۔ قوم کواگلے 3برس میںآج سے بہت بہتر پاکستان دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔