جرمن طیارے کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیئے جانیوالا معاون پائلٹ ذہنی بیماری کا شکارتھا، تفتیش کار

اے ایف پی/ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2015
معاون پائلٹ آندریس ذاتی پریشانیوں سے بھی دوچار تھا،جرمن میڈیا فوٹو فائل

معاون پائلٹ آندریس ذاتی پریشانیوں سے بھی دوچار تھا،جرمن میڈیا فوٹو فائل

پیرس: جرمن طیارے کے حادثے میں معاون پائلٹ کے ملوث ہونے کا شک یقین میں بدل رہا ہے اورتفتیش کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ معاون پائلٹ ذہنی بیماری کا شکار تھا جب کہ  ڈاکٹرز نے بھی اسے کام کے لیے غیرموزوں قرار دیا تھا لیکن اس نے اپنی بیماری کو انتظامیہ سے چھپایا۔

فرانس کے سرکاری تفتیش کار رالف ہیرن بروک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معاون پائلٹ آندریس لوبٹز بیمار تھا،معاون پائلٹ کے گھر کی تلاشی کے دوران ملنے والے ڈاکٹر کے نسخوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آندریس ذہنی بیماری کا شکار تھا اور حادثے والے دن ڈاکٹر نے اسے کام پر جانے سے منع کیا تھا۔

سرکاری تفتیش کارکا کہنا ہے کہ آندریس کے گھر سے ملنے والا بیماری کا نوٹ جرمنی میں عام ہے جو ڈاکٹر چھوٹی سی بیماری پر بھی جاری کردیتا ہے تاہم آندریس بیماری کا شکار تھا اور وہ اس کا علاج بھی کرا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آندریس کے کسی سیاسی یا مذہبی تعلق کے شواہد نہیں ملے جب کہ  جرمن میڈیا کا کہنا ہے آندریس ذاتی پریشانیوں میں بھی گھرا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جرمن ایئر لائن کا طیارہ فرانس میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں عملے کے 6 ارکان سمیت 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔