یمن صورتحال پروفاق نے تمام مسلم ممالک اوراوآئی سی سے رابطے کاعندیہ دیدیا،ذرائع

عامر خان  ہفتہ 28 مارچ 2015
وفاق کی جانب سےتمام عالم اسلام کے ممالک اور اوآئی سی سے سفارتی سطح پر رابطے کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔فوٹو:فائل

وفاق کی جانب سےتمام عالم اسلام کے ممالک اور اوآئی سی سے سفارتی سطح پر رابطے کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔فوٹو:فائل

 کراچی: وفاقی حکومت کے اعلیٰ حلقوں میں یمن کی صورت حال پرانتہائی باریک بینی سے جائزہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ،وزیراعظم نوازشریف قریب ترین رفقا،وزارت خارجہ اور اہم حلقوں سے تفصیلی مشاورت کررہے ہیں ۔

وفاق کے  باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یمن کی صورت حال پر آئندہ کی حکمت عملی خصوصاً مسئلے کا پرامن اور بامقصد حل تلاش کرنے یا دیگرآپشن اختیارکےلئےتمام عالم اسلام کے ممالک اور اوآئی سی سے سفارتی سطح پر رابطے کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے اوراس حوالے سے خصوصا تمام عرب ممالک کی حکومتوں سے بھی بتدریج رابطہ کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت میں اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر سعودی عرب کو کسی بھی صورت حال میں خطرات درپیش ہوئے تو پاکستان ہر لحاظ سے سعودی عرب کا ساتھ دے گا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن کی صورت حال کو وزارت خارجہ لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔